اے آئی ٹیکنالوجی پر زیادہ انحصار کرنے کا بڑا نقصان سامنے آگیا

آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر بہت زیادہ انحصار انسانی ذہانت کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔
یہ انکشاف ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا۔
اس تحقیق میں اے آئی اور انسانی ذہنی افعال کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا اور دریافت ہوا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کو اکثر استعمال کرنے سے تنقیدی سوچ سے متعلق صلاحیتوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
سوئٹزر لینڈ کے ایس بی ایس سوئس بزنس اسکول کی اس تحقیق کا مقصد یہ جاننا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی یا دیگر اے آئی ماڈلز سے جوابات کے لیے انحصار کرنے سے انسانوں پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ ذہنی افعال اس وقت متاثر ہوتے ہیں جب لوگ کسی باہری معاونت پر بہت زیادہ انحصار کرنے لگتے ہیں اور گہرائی میں جاکر سوچنے سے گریز کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تنقیدی سوچ کے حوالے سے یہ اثر زیادہ تشویشناک ہے جو تجزیے اور تفصیلات کو جانچنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
تحقیق کے لیے ماہرین نے 666 افراد سے سرویز اور انٹرویوز کیے۔
ان انٹرویوز اور سرویز میں یہ معلوم کیا گیا کہ وہ اے آئی ٹیکنالوجی کو کتنا استعمال کرتے ہیں اور دریافت ہوا کہ جوان افراد ایسا زیادہ کرتے ہیں جبکہ 46 سال سے زائد عمر کے افراد سب سے کم اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہیں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جوان افراد نے تنقیدی سوچ سے جڑے ٹیسٹوں میں سب سے کم جبکہ درمیانی عمر کے افراد نے زیادہ اسکور حاصل کیے۔
البتہ اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کی تنقیدی سوچ کی صلاحیتیں اے آئی کے استعمال سے متاثر نہیں ہوتیں۔
محققین نے بتایا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ اے آئی ٹولز پر انحصار کی قیمت ذہنی افعال میں تنزلی کی شکل میں چکانا پڑتی ہے۔
تحقیق کے مطابق نتائج سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ اے آئی کے استعمال سے بنیادی صلاحیتوں کو تو سیکھنے میں مدد ملتی ہے مگر اعلیٰ ذہنی افعال کو نقصان پہنچتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ اے آئی کے استعمال کے حوالے سے احتیاط ضروری ہے ورنہ تجزیہ کرنے کی صلاحیت زیادہ متاثر ہوتی ہے۔
محققین نے تسلیم کیا کہ اس تحقیق میں لوگوں کے بیانات پر انحصار کیا گیا اور نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہوگی یا تجربات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ البتہ نتائج سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ اس اثر کی روک تھام ممکن ہے، یعنی اعلیٰ تعلیم یا اے آئی کے استعمال کی تربیت سے تنقیدی سوچ کو تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات ہمیشہ سے واضح ہے کہ باہری ذرائع پر بہت زیادہ انحصار کرنے سے اندرونی ذہنی صلاحیتوں کو تنزلی کا سامنا ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل سوسائٹیز میں شائع ہوئے۔

Views= (191)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین