آئی ایم ایف کے دباؤ پر اسلام آباد کے بجلی صارفین کیلئے ریلیف ختم

وزیر اعلیٰ پنجاب کا بجلی کے بلوں میں ریلیف حتمی انجام تک نہ پہنچ سکا، اسلام آباد کے بجلی صارفین کے لیے 14روپے فی یونٹ کا ریلیف ختم کردیا گیا۔
پنجاب حکومت نے آئی ایم ایف کے دباؤ پر اسلام آباد کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت پر 14 فی یونٹ سبسڈی واپس لے لی، جس کے بعد اسلام آباد کے صارفین کے لئے 14 روپے فی یونٹ ریلیف ختم کر دیا گیا۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے اعلامیہ جاری کردیا، جس کے مطابق اسلام آباد کے صارفین کو ماہ ستمبر میں ریلیف نہیں ملے گا، بلنگ سافٹ ویئر میں تبدیلی کے لیے بھی احکامات جاری کر دیے گئے۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی علاقے کے صارفین کو ماہ ستمبر کے بجلی بل یکم جولائی کے نرخوں کے مطابق جاری ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق آئیسکو کو ابھی تک اگست میں دیئے گئے ریلیف کے پیسے بھی نہیں ملے۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر اور اسلام آباد میں 201 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اگست اور ستمبر کے بجلی کے بلوں میں 14 روپے فی یونٹ سبسڈی کی منظوری دی تھی، جس کا اعلان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا تھا۔

Views= (359)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین