پنجاب حکومت کو ریلیف پیکیج بجلی صارفین تک پہنچانے میں کیا مشکلات ہیں؟

حکومت ہر بل پر ریلیف کی تفصیلات پرنٹ کراناچاہتی ہے

پنجاب حکومت کی جانب سے ماہانہ 201 سے 500 یونٹس استعمال کرنے والے بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ 14 روپے ریلیف دینے کا اعلان اضافی بلوں سے متاثرہ گھرانوں کے لیے اچھی خبر ہے۔ تاہم، اس ریلیف پیکیج کے عملی، بروقت اور مؤثر نفاذ میں بیوروکریٹک رکاوٹیں حائل ہو رہی ہیں۔
پنجاب حکومت نے اس مقصد کے لیے 45 ارب روپے مختص کیے ہیں، لیکن ذرائع نے بتایا ہے کہ اعلان سے قبل اس رقم کی ادائیگی کا کوئی طریقہ کار وضع نہیں کیا گیا۔ جس کے باعث صارفین تک ریلیف پہنچانے میں تاخیر کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈسکوز فوری طور پر اس ریلیف کو عوام تک منتقل کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں وفاق کے تحت ہیں اور وہ صوبے سے براہ راست سبسڈی وصول کر کے عوام تک منتقل کرنے کے لیے قانونی پیچیدگیوں کا شکار ہیں۔
اس حوالے سے پنجاب حکومت کی ترجمان اور صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے تصدیق کی ہےکہ صوبائی حکومت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں سمری وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔ سمری کی منظوری کے بعد معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
دوسری جانب حکام نے بتایا ہے کہ ان قانونی نکات پر رہنمائی کے لیے ڈسکوز نے پہلے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے رجوع کرنے کا سوچا تھا۔ بعد ازاں یہ طے پایا ہے کہ پنجاب حکومت اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے درمیان ایم او یوز پر وزارت توانائی کی نگرانی میں دستخط کیے جائیں گے۔ ان معاہدوں کے تحت ہر ڈسکوز اپنے متعلقہ صارفین اور ان کے بلوں کا ڈیٹا پنجاب حکومت کے ساتھ شیئر کریں گی۔ اس ڈیٹا کی بنیاد پر حکومت ہر ڈسکو کو فنڈز جاری کرے گی۔
ان کے مطابق عملی مشکلات اور معاہدوں کو حتمی شکل دینے اور نافذ کرنے میں دو سے زیادہ مہینے لگ سکتے ہیں۔ تاہم صارفین کے لیے اعلان کردہ ریلیف ہر صورت بلوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پنجاب حکومت چاہتی ہے کہ ہر بل پر ریلیف کی تفصیلات پرنٹ کی جائیں اور صارفین کو آگاہ کیا جائے کہ ان کا حقیقی بل اتنا تھا جس میں سے پنجاب حکومت کے ریلیف کے تحت اتنی کمی آئی ہے۔
لیکن ڈسکوز آپریشنل وجوہات کی بنا پر اس پر عمل درآمد سے گریزاں ہیں۔

Views= (539)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین