مارول کردار ’سلور سرفر‘ اصلی ہے؟ ناسا نے چاند کے گرد چکر لگاتی انجان چیز کی تصاویر جاری کردیں
Apr 11 2024 | ویب ڈیسک
امریکی خلائی ایجنسی“ناسا“ نے چاند کے گرد چکر لگانے والی پراسرار چیز کی تصاویر جاری کی ہیں جو دکھنے میں ایک چمکدار چاندی جیسا سرف بورڈ لگتا ہے۔
یہ تصاویر ناسا کے Lunar Reconnaissance Orbiter (LRO) نے لی ہیں۔ جن میں مارول کے معروف تخیلاتی کردار ”سلور سرفر“ کے بورڈ سے مشابہت رکھتی پتلی افقی لکیر دکھائی دے رہی ہے۔
سلور سرفر دراصل مارول کامکس کا ایک کردار ہے جو مکمل طور پر سلور رنگ کا ہوتا ہے اور اپنے سرف بورڈ پر خلا میں گھمتا ہے اور اپنے مالک کیلئے خوراک کا انتظام کرتا ہے، جو پورے پورے سیارے نگل جاتا ہے۔
تاہم، خلائی ایجنسی نے کہا کہ یہ پراسرار شے کوئی کامک بک کیریکٹر، سپر ہیرو فلموں یا خلائی مخلوق کا جہاز نہیں، بلکہ ناسا کے ایل آر او نے دراصل وہاں سے گزرتے جنوبی کوریائی سیٹلائٹ کو اس وقت کیمرے میں قید کیا جب دونوں مدار میں ایک دوسرے کے قریب سے گزر رہے تھے۔
ناسا کے پریس نوٹ کے مطابق ، ایل آر او نے کوریا ایرو اسپیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے بھیجے گئے ”دانوری لونر آربیٹر“ کی متعدد تصاویر اس وقت حاصل کیں، جب دونوں 5 اور 6 مارچ کے درمیان متوازی لیکن مخالف سمتوں میں ایک دوسرے کے پاس سے گزر رہے تھے۔
خلائی ایجنسی نے وضاحت کی کہ دانوری جو 2022 سے چاند کے گرد چکر لگا رہا ہے، اس کے اور ایل آر او کے درمیان انتہائی تیز رفتار کی وجہ سے تصویر مسخ ہوتی دکھائی دیتی ہے۔
دانوری چاند پر جنوبی کوریا کا پہلا خلائی جہاز ہے اور دسمبر 2022 سے چاند کے مدار میں ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایل آر او کو 2009 میں شروع کیا گیا تھا۔ تب سے، اس نے اپنے سات طاقتور آلات کے ساتھ اہم ڈیٹا اکٹھا کیا ہے۔ یہ چاند کے مطالعہ میں ایک انمول شراکت دار کے طور پر سامنے آیا ہے۔
Views= (665)
Join on Whatsapp 1 2