فیصل آباد: منشیات اسمگلنگ کی کوشش پر ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار گرفتار، تھانہ سیل
Mar 13 2025 | ویب ڈیسک
فیصل آباد سٹی پولیس افسر صاحبزادہ بلال عمر کی جانب سے سمن آباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار 2 منشیات فروشوں کی رہائی کا نوٹس لینے پر ایس پی اقبال ٹاؤن ڈویژن عابد ظفر نے سمن آباد تھانے پر چھاپہ مارا۔
رپورٹ کے مطابق چھاپے کے دوران ایس پی ظفر نے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) امتیاز احمد کی الماری سے منشیات برآمد کی، دیگر پولیس اہلکاروں کے کمروں کی تلاشی کے نتیجے میں ان کے بیگ میں چھپائی گئی مزید منشیات برآمد ہوئی جس کے بعد سمن آباد تھانے کو سیل کر دیا گیا اور ایس ایچ او امتیاز، سب انسپکٹر محمد طیب، کانسٹیبل شاہد شوکت اور ایس ایچ او کے نجی ملازم محمد اختر کو گرفتار کر لیا گیا۔
فیکٹری ایریا پولیس کے ایس ایچ او رانا عطاالرحمٰن کی مدعیت میں ان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کی دفعہ 9-3 سی اور 9-5 ڈی اور پولیس آرڈر کی دفعہ 155-سی کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں الزام لگایا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے 2 نامعلوم منشیات فروشوں کو رہا کیا تھا اور بعد میں چھاپے کے وقت فرار ہوگئے تھے، ملزمان کے قبضے سے 4 کلو گرام سے زائد افیون اور 2 کلو گرام سے زائد چرس برآمد کی گئی، جسے وہ مبینہ طور پر فروخت کرنا چاہتے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کی ٹیم نے اس سے قبل جھنگ روڈ پر رشید آباد کے علاقے میں چھاپہ مار کر کانسٹیبل سہیل احمد کو گرفتار کیا تھا۔
تفتیش کے دوران اس نے انکشاف کیا کہ سمن آباد کے ایس ایچ او اور اس کے تین ساتھی منشیات فروشوں کو رہا کرنے میں ملوث تھے۔ یہ معاملہ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کے علم میں لایا گیا جنہوں نے فوری طور پر معطل کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
Views= (149)
Join on Whatsapp 1 2