اٹک: 50 ہزارروپے میں بیچی گئی 12 سالہ دلہن بازیاب، 60 سالہ دولہا گرفتار
Mar 10 2025 | ویب ڈیسک
دولہاٹی بی کے مریض اور گدھا گاڑی چلاتا ہے
اٹک میں پولیس نے شادی کی تقریب پر چھاپہ مار کر 12 سالہ لڑکی کو بازیاب کرا لیا۔
رپورٹ کے مطابق لڑکی کو اس کے سوتیلے باپ نے 60 سالہ دلہا، ٹی بی کے مریض اور پیشے کے لحاظ سے گدھا گاڑی چلانے والے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کیا تھا۔
پولیس نے دلہن کے سوتیلے باپ، ماں، گاؤں کے نمبردار، دلہا اور اس کے بہن بھائیوں سمیت 9 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق طیب علی نامی شخص خاموشی سے اپنی 12 سالہ سوتیلی بیٹی کی شادی 60 سالہ نعیم نامی شخص سے کرنے کی کوشش کر رہا تھا، دولہا نے مبینہ طور پر اسے گاؤں کے نمبردار کے ذریعے 50 ہزار روپے ادا کیے تھے۔
پولیس کے مطابق لڑکی کے بھائی نے پولیس ہیلپ لائن پر کال کی اور مداخلت کی درخواست کی، اس کے بعد پولیس نے شادی کی تقریب پر چھاپہ مارا اور 12 سالہ دلہن کو بازیاب کرا لیا، پولیس نے لڑکی کا ’ب‘ فارم چیک کیا اور اس کی سرکاری عمر کی تصدیق کی۔
لڑکی نے اپنے بیان میں پولیس کو یہ بھی بتایا کہ اس کی شادی اس کی مرضی کے خلاف ہو رہی تھی، پولیس ٹیم نے دولہے کو نابالغ لڑکی سے زبردستی شادی کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
پولیس ترجمان نے ڈان کو بتایا کہ پنجاب میرج ریسٹرنٹ ایکٹ کی دفعہ 4 اور 5 اور پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 420، 468 اور 471 دفعات کے تحت 9 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
Views= (275)
Join on Whatsapp 1 2