فضیلہ قاضی نے قیصر سے پہلی ملاقات کا دلچسپ قصہ شیئر کر دیا
Mar 12 2025 | ویب ڈیسک
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فضیلہ قاضی نے اپنی شادی کا دلچسپ قصہ ایک نجی ٹی وی شو میں شیئر کیا۔ فضیلہ نے اس پروگرام میں اپنے شوہر و اداکار قیصر خان سے پہلی ملاقات کے بارے میں بتایا۔
فضیلہ قاضی اور ان کے شوہر قیصر نظامانی پاکستان کے سب سے پسندیدہ شوبز جوڑوں میں شمار ہوتے ہیں۔ جب ان کی شادی ہوئی، دونوں ہی کا کیریئراپنے عروج پر تھا۔ ان کے دو بیٹے ہیں اور ان کا بڑا بیٹا بھی شادی کے بندھن میں بندھ چکا ہے۔
فضیلہ قاضی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے شوہر و اداکار قیصر خان سے ہونے والی پہلی ملاقات کے بارے میں بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی قیصر خان سے پہلی ملاقات پی ٹی وی کے کوریڈور میں ہوئی تھی۔ فضیلہ نے مزید بتایا کہ قیصر خان نے اپنے کیریئر کا آغاز سندھی ڈراموں سے کیا تھا اور اس دوران 6 بجے ٹی وی پر علاقائی زبانوں میں بنے ڈرامے دکھائے جاتے تھے، جنہیں میری والدہ بہت شوق سے دیکھتی تھیں۔ قیصر کو وہ بہت پسند کرتی تھیں اور ہمیشہ سے ان کی خواہش تھی کہ وہ ان سے ملیں۔
فضیلہ نے بتایا کہ ایک دن انہیں قیصر خان کے ساتھ ایک شو کی میزبانی کرنے کا موقع ملا، جس پر انہوں نے قیصر سے کہا کہ ان کی والدہ انہیں پسند کرتی ہیں اور انہیں ان سے ملنے کی خواہش ہے۔
اس کے بعد قیصر خان نے آہستہ آہستہ فضیلہ کے بھائیوں سے دوستی بڑھائی اور اکثر ان کے گھر پھول لے کر آنے لگے۔
فضیلہ قاضی نے یہ بھی کہا کہ قیصر خان اس دوران ان کے شوٹنگ سیٹ پر بھی آتے تھے، جس پر ایک دن فضیلہ نے قیصر سے کہا کہ وہ ان کے ارد گرد اس طرح منڈلانے کے بجائے اپنے والدین کو رشتہ بھیجنے کے لیے کہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب قیصر خان نے شادی کی درخواست کی تو ان کے والدین نے شروع میں انکار کر دیا کیونکہ اس وقت قیصر کی آمدنی اتنی نہیں تھی کہ وہ ایک خاندان کے اخراجات اٹھا سکیں۔ تاہم، قیصر کی ضد کے بعد ان کے والدین نے شادی کے لیے رضامندی ظاہر کی۔
Views= (97)
Join on Whatsapp 1 2