فیس بک پر دوستی کا انجام ، کراچی کی 15 سالہ لڑکی میاں چنوں میں قتل
Mar 13 2025 | ویب ڈیسک
کراچی کی 15 سالہ لڑکی کو میاں چنوں میں قتل کر دیا گیا، لاش کھیتوں سے ملی، لڑکی چند ماہ پہلے شادی کے لیے میاں چنوں گئی تھی۔
میاں چنوں میں 15 سالہ لڑکی کی تشدد زدہ کھیتوں سے لاش ملنے کا معاملہ فیس بک پر دوستی کا انجام نکلا، کراچی کی لڑکی میاں چنوں میں قتل کر دی گئی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
میاں چنوں کے نواحی گاؤں 126 پندرہ ایل میں جواں سالہ لڑکی کی لاش 11 مارچ کو کھیتوں سے ملی تھی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم محمود کو گرفتار کرلیا۔
مرکزی ملزم کا تعلق میاں چنوں سے ہے، تھانہ سٹی پولیس اور سی آئی اے پولیس نے مل کر چند گھنٹے گزرنے کے بعد ہی قاتل کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم محمود فیصل آباد مل میں کام کرتا تھا، مقتولہ میمونہ کے ساتھ فون اور سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی تھی، میمونہ چند ماہ پہلے پسند کی شادی کرنے کے لیے کراچی سے میاں چنوں پہنچی تھی، اس سے پہلے مقتولہ فیصل آباد بھی ملزم کے ساتھ رہ چکی تھی۔
شادی کرنے کے لیے تقریباً 2 ماہ پہلے میاں چنوں آنے والی لڑکی سے محمود نامی شخص اب شادی سے انکاری تھا، مقتولہ کے حاملہ ہونے کی خبر سنتے ہی سفاک قاتل آپے سے باہر ہوگیا۔
ملزم قتل کرنے کے منصوبے بنانے لگا، آخر کار بہلا پھسلا کر مقتولہ کو کھیتوں میں لے گیا جہاں اس نے گلا دبا کر میمونہ نامی لڑکی کو بیدردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا، ملزم نے میمونہ کو قتل کرکے فرار ہوگیا۔
سٹی پولیس اور سی آئی اے پولیس نے محدود وقت میں مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں اور آخر کار ملزم محمود کو بہاولنگر سے گرفتار کرلیا۔
Views= (248)
Join on Whatsapp 1 2