پنجاب کے نوجوانوں کے لیے ’400 ڈالر تک مفت‘ آئی ٹی کورسز، کیسے؟
Oct 2 2024 |
’اگر آپ کے پاس پنجاب کا ڈومیسائل ہے تو آپ 40 سے زائد بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیوں کے جدید ترین کورسز مفت کرنے کے پروگرام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔‘
یہ کہنا ہے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کی انتظامیہ کا، جس نے ایک ہفتہ قبل ہی اب تک کا سب سے بڑا آئی ٹی سرٹیفیکیشن پروگرام شروع کیا ہے۔
گلوبل آئی ٹی سرٹیفیکیشن نامی اس پروگرام میں شرکت کے لیے نہ تو آپ کو کسی تعلیمی ڈگری کی ضرورت ہے اور نہ ہی اس میں داخلے کے لیے عمر کی کوئی حد رکھی گئی ہے۔ اس کے لیے بس آپ کا قومی شناختی کارڈ اور پنجاب کا ڈومیسائل ہونا ضروری ہے۔
یہ پروگرام کیسے کام کرتا ہے؟
پچیس ستمبر کو لانچ ہونے والے پی آئی ٹی بی کے گلوبل سرٹیفیکیشن پروگرام میں رجسٹر ہونے کے لیے آپ کو اس کی ویب سائٹ پر جا کر صرف اپنی پروفائل بنانی ہے اور اپنی مرضی کا آئی ٹی پروگرام منتخب کرنا ہے۔
یہ آئی ٹی پروگرام گوگل، مائیکروسوفٹ، آئی بی ایم، جاوا اور اے ڈبلیو ایس سمیت 40 سے زائد بڑی بین الاقوامی کمپنیاں پی آئی ٹی بی کے ذریعے آفر کر رہی ہیں۔
ان پروگراموں میں بلاک چین، سافٹ ویئر انجینیئرنگ، ویب ڈیویلپمنٹ، ڈیٹا سائنس، مشین لرننگ، نیٹ ورکنگ، موبائل ایپلیکیشن ڈویلپمنٹ، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس سمیت درجنوں کیٹیگریز سے کوئی ایک پروگرام منتخب کیا جا سکتا ہے۔
چیئرمین فیصل یوسف نے بتایا کہ ’پنجاب کا کوئی بھی شہری ہماری ویب سائٹ پر ابھی اور اسی وقت جا کر اپنی پروفائل بنا کر اپنی سرٹیفیکیشن اپنی ضرورت کے مطابق شروع کر سکتا ہے۔‘
’یہ کورس ہم نہیں کروا رہے بلکہ بین الاقوامی ادارے کروا رہے ہیں، ہم صرف پُل کا کردار ادا کر رہے ہیں اور اپنا پلیٹ فارم فراہم کر رہے ہیں۔ سرٹیفیکیشن یہ ادارے اپنا امتحان لینے کے بعد پاس ہونے کی صورت میں جاری کریں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اس فہرست میں بلاک چین ڈویلپمنٹ (بِٹ کوائن جیسی ڈیجیٹل کرنسی بنانے والی ٹیکنالوجی) جیسے پروگرام بھی شامل ہیں جن کی مالیت 400 ڈالر تک ہے اور سستے ترین پروگرام جیسا کہ مائیکروسوفٹ کا ازور کلاؤڈ کمپیوٹنگ جن کی مالیت 55 ڈالر ہے وہ بھی شامل ہے۔‘
مفت لیکن ایک مرتبہ پیسے دینا ہوں گے
دلچسپ بات یہ ہے کہ پی آئی ٹی بی کی ویب پورٹل پر شروع کیے جانے والے ان جدید پروگرامز کو مفت حاصل کرنے کی ایک شرط بھی رکھی گئی ہے۔
وہ شرط یہ ہے کہ ایک مرتبہ آپ کو اس پروگرام کی پوری فیس اپنی رجسٹریشن کرواتے وقت جمع کروانا ہو گی، تاہم جیسے ہی آپ کی تعلیم مکمل ہو جائے اور آپ کو متعلقہ کمپنی سرٹیفیکیٹ جاری کر دے تو اس کے بعد یہ رقم آپ کو واپس آپ کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔
چیئرمین پی آئی ٹی بی کا کہنا ہے اس کا مقصد صرف ایسے افراد کی توجہ حاصل کرنا ہے جو واقعی اپنی زندگی میں کچھ کرنا چاہتے ہیں اور وہ سنجیدہ ہیں۔
’عام طور پر مفت تعلیم پر لوگ اس طرح انحصار نہیں کرتے جیسے پیسے خرچ کر کے کرتے ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ وہ کمپنیاں یہ سرٹیفیکیشن مفت نہیں کروا رہیں۔ وہ رجسٹریشن کے وقت اپنی فیس لے رہی ہیں۔‘
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ ’جو لوگ اپنے سرٹیفیکیٹ مکمل کر لیں گے وہ ہمارے ویب پورٹل پر اپنا سرٹیفیکیٹ اپ لوڈ کریں گے تو اُن کے بینک اکاؤنٹ میں حکومت پنجاب کی طرف سے رقم منتقل کر دی جائے گی۔‘
اس پروگرام کے تحت تین برسوں کے دوران 10 ہزار افراد کے لیے بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کروانے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔
پی آئی ٹی بی کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق پروگرام کی لانچنگ کے ایک ہفتے کے اندر اب تک 15 سے زائد افراد نے اپنے آپ کو پورٹل پر رجسٹرڈ کروا لیا ہے، تاہم فیس ابھی تک صرف دو امیدواروں نے جمع کروائی ہے۔
Views= (520)
Join on Whatsapp 1 2