شادی میں صرف 5 مہمانوں کی شرکت، جوڑے کا یادگار دن ڈراؤنا خواب بن گیا

شادی بیاہ ایک ایسا موقع ہوتا ہے جس کے لیے دلہا دلہن سمیت ان کے گھر والے کچھ مہینے پہلے سے ہی تیاریوں کا آغاز کردیتے ہیں جب کہ تقریب میں رشتہ داروں سمیت دوستوں اور ملنے جلنے والوں کو مدعو کیا جاتا ہے۔
تقریب میں بڑی تعداد میں مہمان شرکت کرتے ہیں لیکن کیا کبھی ایسا تصور میں بھی کسی نے سوچا ہوگا کہ شادی میں مہمان شرکت ہی نہیں کریں گے؟
امریکی ریاست اوریگن سے تعلق رکھنے والی ایک ٹک ٹاکر کالینا میری نے اپنی شادی کے موقع پر ہونے والے ایک انتہائی ناخوش گوار تجربے کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
کالینا نے ٹک ٹاک پر اپنی شادی کی ایک ویڈیو شیئر کی جو چند لمحات میں ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
وائرل ویڈیو میں ٹک ٹاکر کو اپنے شوہر شین اور بیٹے کے ہمراہ ایک ایسے بڑے شاندار شادی ہال میں انٹری دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جو تقریباً خالی ہے۔
اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ یہ ہماری اپنی شادی کی تقریب میں انٹری کی ویڈیو ہے جس میں صرف 5 مہمانوں نے شرکت کی، میرا خواب تھا کہ جب میری شادی ہال میں انٹری ہو تو لوگوں کا ایک ہجوم ہمارا خوشی سے استقبال کرے لیکن اس کے برعکس میری شادی کی تقریب میں صرف 5 لوگ تھے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ یہ ویسی شادی کی تقریب نہیں تھی جس کا میں نے تصور کیا تھا۔
کالینا اور شین پچھلے 9 سال سے ساتھ ہیں اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے، اس جوڑی نے ایک شاندار تقریب میں اپنے دوستوں اور رشتے داروں کی موجودگی میں شادی کرنے کا خواب دیکھا تھا۔
کالینا اور شین نے اپنی شادی میں 75 افراد کو ڈیجیٹل دعوت نامے بھیجے تھے اور 25 افراد کو خصوصی طور پر میل بھیجی لیکن شادی کی تقریب میں سے صرف 5 نے ہی شرکت کی۔

Views= (277)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین