ولیمے پر کیوں نہیں بلایا؟ پڑوسی نے میزبان کا سر پھاڑ دیا

شادی میں کسی کو بلانے یا نہ بلانے کا معاملہ میزبان کے لیے ہمیشہ پریشانی کا باعث رہتا ہے کیونکہ نہ بلانے پر ناراضی کے خدشات ہوتے ہیں اور بلوچستان میں ایسے ہی ایک واقعے کے نتیجے میں ایک شخص نے پڑوسی کو زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق حملے کے بعد فرار ہو جانے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
لورالائی کے ایس ایچ او انور جلال زئی نے بتایا کہ ’واقعہ اتوار کی شام کو محلے کی مسجد میں پیش آیا، جہاں جان گل نے ملک فضل محمد کے سر پر پتھر مار کر زخمی کر دیا اور فرار ہو گیا۔‘
ان کے مطابق ’ملک فضل محمد کے بھتیجے کی شادی ایک ماہ قبل ہی ہوئی تھی، جس کے ولیمے میں نہ بلانے پر جان گل ناراض تھا۔‘
زخمی ملک فضل محمد نے پولیس کو بتایا کہ ’میں مسجد میں وضو کر رہا تھا اس دوران جان گل آیا اور کہا کہ مجھے دعوت ولیمہ میں کیوں نہیں بلایا، جس پر بتایا کہ آپ کے بڑے بھائی کو دعوت دی تھی، سب کو تو نہیں بلا سکتا۔‘
پولیس کے مطابق ’اس پر جان گل نے میزبان کو طعنے دیے اور تلخ کلامی شروع ہو گئی اور بات ہاتھا پائی تک بڑھ گئی، جس میں فضل محمد کو سر پر چوٹ آئی۔‘
زخمی کی شکایت پر پولیس نے تھانہ سٹی میں ملزم جان گل کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 337 اے ڈی کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

Views= (261)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین