فیصل قریشی نے اپنی والدہ کو گھر سے نکال دیا، یوٹیوبر کا دعویٰ

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی سے متعلق یوٹیوبر نے دعویٰ کیا ہے کہ اُنہوں نے اپنی والدہ و سینیئر اداکارہ افشاں قریشی کی قدر نہیں کی اور اُنہیں اپنے گھر سے نکال کر دوسرے گھر منتقل کردیا ہے۔
شوبز شخصیات کے انٹرویو کرنے والے یوٹیوبر نے حال ہی میں نامور فلمساز پرویز کلیم کا انٹرویو کرتے ہوئے فیصل قریشی اور اُن کی والدہ افشاں قریشی کے خراب تعلقات کے بارے میں بات کی۔
یوٹیوبر نے پرویز کلیم سے کہا کہ جس فیصل قریشی کو آپ نے اُن کی والدہ افشاں قریشی کے اصرار اور سفارش پر فلموں میں متعارف کروایا تھا، اُسی فیصل قریشی نے اپنی والدہ کی قدر نہیں کی۔
اُنہوں نے کہا کہ افشاں قریشی اپنے بیٹے کو فلموں میں ہیرو کے کردار میں دیکھنا چاہتی تھیں اور اُنہوں نے فیصل قریشی کو کاسٹ کرنے کے لیے آپ (پرویز کلیم) کی منتیں بھی کی تھیں لیکن آج جب وہ بڑے اداکار بن گئے ہیں تو اُنہوں نے اپنی اُسی والدہ کو گھر سے نکال دیا ہے۔
یوٹیوبر نے کہا کہ پورا میڈیا یہ بات جانتا ہے کہ فیصل قریشی نے ایک سال قبل افشاں قریشی کو اپنے گھر سے نکال کر دوسرے گھر منتقل کردیا ہے۔
پرویز کلیم نے یوٹیوبر کی بات سُن کر فیصل قریشی کے بارے میں کہا کہ جو شخص اپنی ماں کی قدر اور عزت نہیں کرسکا تو وہ کسی دوسرے کی عزت کیسے کرے گا؟
فلمساز نے مزید کہا کہ مجھے فیصل قریشی کی حرکت پر حیرت ہورہی ہے، اُنہوں نے نہ اپنی والدہ کی قدر کی اور نہ ہی میری عزت کی کیونکہ ہم دونوں کی وجہ سے ہی وہ فلمی دُنیا میں آئے، وہ احسان فراموش نکلے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں، اسی یوٹیوبر کو دیے گئے انٹرویو میں افشاں قریشی نے کہا تھا کہ میں نے اللہ سے دعا مانگی تھی کہ اللہ میرے بیٹے کو بہت بڑا اسٹار بنائے اور میری یہ دعا قبول ہوگئی لیکن مجھ سے ایک غلطی یہ ہوئی کہ مجھے یہ بھی دعا کرنی چاہیے تھی کہ اللہ اسے اچھا بیٹا اور اچھا انسان بھی بنائے۔
انٹرویو سے ایسا تاثر مل رہا تھا کہ فیصل قریشی کی والدہ اپنے بیٹے سے ناراض ہیں، بعدازاں، انسٹاگرام پر ایک پیج کی جانب سے اداکارہ کے انٹرویو میں بولے جانے والے الفاظ کو مینشن کرکے پوسٹ لگائی گئی تھی جس پر افشاں قریشی نے اس پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں ردِعمل دیا تھا۔
افشاں قریشی نے لکھا تھا کہ آپ لوگ جھوٹی خبریں پھیلانے سے کبھی باز نہ آنا، برائے مہربانی میرے اور میری فیملی سے متعلق ایسی خبریں نہ پھیلائیں، ویوز اور کمنٹس حاصل کرنے کے لیے ان گھٹیا طریقوں کو استعمال کرنا چھوڑ دیں۔

Views= (693)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین