ارشد ندیم کی 'اہلیہ' کیساتھ وائرل تصاویر کی حقیقت سامنے آگئی

گھٹیا یوٹیوبر کو اسکے گھر تک چھوڑ کر آؤں گی

پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے لیے طلائی تمغہ جیتنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم اِن دنوں نئے تنازع میں گھِر گئے۔
ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو کے مقابلے میں پاکستان کے لیے پہلا انفرادی گولڈ میڈل جبکہ 40 برس بعد اولمپک گولڈ میڈل جیتا تھا۔
اولمپکس مقابلوں میں ملک کا نام روشن کرنے کے بعد سے ارشد ندیم پر انعامات کی بارش ہورہی ہے، ساتھ ساتھ معروف شخصیات ارشد ندیم کے ساتھ ملاقاتیں بھی کررہے ہیں۔
اسی دوران یوٹیوب پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ارشد ندیم کے ساتھ ایک خاتون موجود ہیں، جن سے متعلق دعویٰ کیا گیا کہ یہ خاتون ارشد ندیم کی اہلیہ ہیں۔
ویڈیو میں خاتون کے لباس کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ جیسے جیسے ارشد ندیم کو مقبولیت اور پیسہ مل رہا ہے، ان کی اہلیہ کے کپڑے چھوٹے ہوتے جارہے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں الزام عائد کیا گیا کہ مقبولیت حاصل کرنے کے بعد ارشد ندیم اپنی اقدار و ثقافت بھولتے جارہے ہیں۔
تاہم اب یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ مذکورہ تصاویر اور ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون ارشد ندیم کی اہلیہ نہیں بلکہ ایک صحافی عنبرین فاطمہ ہیں۔
یہ ویڈیو اور تصاویر دراصل معروف گلوکار ابرار الحق کی جانب سے ارشد ندیم کے اعزاز میں منعقد کی جانے والی تقریب کے دوران کی ہے۔
اس حوالے سے صحافی عنبرین فاطمہ کا بیان بھی سامنے آیا ہے جن کا کہنا تھا کہ 'میں چند روز سے اپنے خلاف ہونے والا پراپگینڈہ دیکھ رہی ہوں، میری تصاویر جو کہ ابرار الحق کے گھر میں ارشد ندیم کے ساتھ اتریں ان کو بنیاد بنا کر جھوٹی بکواس پھیلائی جا رہی ہے کہ یہ ارشد ندیم کی بیوی ہے، پیسہ آیا تو سر سے دوپٹہ اتر گیا ننگی ہو گئی وغیرہ وغیرہ'۔
عنبرین فاطمہ نے مزید لکھا کہ 'پہلی بات تو یہ ہے کہ میں ایک صحافی ہوں، پچھلے 20 سال سے کام کررہی ہوں، دوسری بات یہ ہے کہ میں ہر فیلڈ کے لوگوں سے ملتی ہوں، ان کے انٹرویو کرتی ہوں، یہ بھی سب کے سامنے ہے، تیسری بات یہ ہے کہ میں کیا پہنتی ہوں کیا نہیں یہ میرا ذاتی فعل ہے، ایک سیلولیس شرٹ پہنے ہوئے دیکھ کر کردار کشی کی گئی کسی کی اہلیہ ہی بنا دیا ، میرے بچے جو میرے ساتھ ہر جگہ ہوتے ہیں ان کو بھی اس گند کا حصہ بنا لیا گیا'۔
دریں اثنا صحافی عنبرین فاطمہ کا ایک اور بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے مذکورہ ویڈیو بنانے والے کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی ہے۔
عنبرین فاطمہ نے لکھا کہ 'جس فیس بک پیج نے میری ساکھ کو ایک جھوٹی اور بےبنیاد وڈیو کے ذریعے نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے اسکے خلاف آج میں نے ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ میں جا کر درخواست دے دی ہے'۔
خاتون صحافی نے لکھا کہ 'میں اس گھٹیا یوٹیوبر کو اسکے گھر تک چھوڑ کر آؤں گی تاکہ کل کو کوئی اور کسی کے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد وڈیو بنانے سے پہلے ہزار بار سوچے'۔

Views= (2120)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین