سابق سری لنکن کپتان کو گولی مار کر قتل کردیا گیا

سری لنکا کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان دھمیکا نروشنا کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے شہر گال کے قضبے امبالنگوڈا میں رہائش پذیر 41 سالہ سابق سری لنکن کپتان دھمیکا نروشنا پر منگل کی رات گھر کے باہر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا۔
سری لنکن پولیس کے مطابق نامعلوم افرد نے 41 سالہ دھمیکا نروشنا کو گھر کے باہر گولیوں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے۔ نروشنا کو قتل کرنے والے شخص نے مبینہ طور پر 12 بور پستول کا استعمال کیا، حملہ آور کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
معاملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے جبکہ ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
دھمیکا نروشنا نے پسماندگان میں اہلیہ اور دو بچے چھوڑے ہیں، انہوں نے 2004 میں بہت چھوٹی عمر میں تمام طرز کی کرکٹ سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔
انہوں نے 2000 میں سری لنکا انڈر-19 ٹیم میں ڈیبیو کیا اور پھر 2002 میں انہیں ٹیم کی قیادت سونپی گئی، وہ ایک بہترین آل راؤنڈر تھے جو بنیادی طور پر باؤلنگ کرنے میں دلچسپی رکھتے تھے لیکن بیٹنگ بھی اچھی کرلیا کرتے تھے۔
دھمیکا نروشنا کو سری لنکن ٹیم کی نمائندگی کا موقع کبھی نہیں ملا لیکن انہوں نے سری لنکا کی کپتانی کرنے والے اینجلو میتھیوز سمیت اپل تھرنگا اور فریوز مہروف کے ساتھ انڈر-19 اور فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔

Views= (502)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین