ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلی پر فائرنگ، سابق صدر زخمی، مبینہ حملہ آور ہلاک

پنسلوانیا: امریکی ریاست پنسلوانیا کے علاقے بٹلر میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک انتخابی ریلی میں فائرنگ کے واقعہ میں زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ مبینہ حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
ری پبلکن رہنما ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہیں اپنے نائب صدر کے امیوار کا اعلان کرنا تھا، فائرنگ کی زوردار آوازوں کے ساتھ ہی ریلی میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ سابق صدر اسٹیج پر گر گئے، جنہیں سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے فوری طور پر اپنے حصار میں لے لیا اور محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ سیکرٹ سروس کے حصار کے دوران بھی عوام کو دیکھ کر بار بار مُکہ لہراتے رہے۔
کاؤنٹی پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ ریلی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے، خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنے اوپر ہونے والے حملے پر بیان سامنے آ گیا، انہوں نے کہا کہ گولی میرے کان کے اوپر کے حصے پر لگی۔
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ مجھے فوری طور پر پتہ چل گیا تھا کہ کچھ غلط ہو گیا ہے، میرے کان کے اوپر کے حصے پر گولی لگی، انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کی فوری کارروائی پر شکریہ ادا کیا اور ریلی میں شریک شخص کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔

Views= (527)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین