اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کن شہروں میں بارش ہوگی، محکمہ موسمیات نے بتادیا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ صبح اور رات میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم مانسہرہ ، ایبٹ آباد،بونیر ، خیبر، باجوڑ اور کرم میں چند مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم مری، گلیات، راولپنڈی میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم رات میں تھرپارکر، عمرکوٹ اور گردونواح میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہو گئی ہیں، اس کے باوجود موسم گرم ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں سمندری ہوائیں 27 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجۂ حرارت 31.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کی فضا میں نمی کا تناسب 55 فیصد ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں، بوندا باندی ہوسکتی ہے، شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہوگئی ہیں، اب ہیٹ اسٹروک کا امکان نہیں۔

Views= (372)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین