ممکنہ عالمی جنگ کا خطرہ: فرانس نے اپنے شہریوں کیلئے ہدایتی کتابچہ تیار کرلیا

فرانسیسی حکومت ہر گھرانے کو ایک ”سروائیول مینوئل“ بھیجنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، جس میں ممکنہ خطرات جیسے مسلح تصادم، صحت عامہ کے بحران یا قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے رہنما ہدایات دی جائیں گی۔
اگر وزیر اعظم فرانسوا بیرو نے اس منصوبے کی منظوری دے دی تو 20 صفحات پر مشتمل یہ کتابچہ موسم گرما سے قبل فرانسیسی عوام تک پہنچا دیا جائے گا۔
اس مینوئل کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے گا، جن میں اپنی اور اپنے ارد گرد کے افراد کی حفاظت کے طریقے، کسی فوری خطرے کی صورت میں کرنے کے کام (جیسے ہنگامی رابطہ نمبرز، ریڈیو چینلز اور جوہری خطرے کی صورت میں دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایات) شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ، مقامی دفاعی سرگرمیوں میں شمولیت کے طریقے بھی بیان کیے جائیں گے، جیسے کہ ریزرو فورسز یا فائر فائٹنگ گروپس میں شامل ہونا۔
اس کتابچے میں ایک ”سروائیول کٹ“ تیار کرنے کی بھی تجویز دی جائے گی، جس میں کم از کم چھ لیٹر پانی، درجن بھر ٹن فوڈ، بیٹریاں، ٹارچ، اور بنیادی طبی سامان جیسے پیراسیٹامول، پٹیاں اور نمکین محلول شامل ہوں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر کے ایک ترجمان نے یورپ 1 ریڈیو کو بتایا: ’اس دستاویز کا مقصد عوام کو مختلف اقسام کے بحرانوں، جیسے قدرتی آفات، ٹیکنالوجیکل مسائل، سائبر خطرات یا سیکیورٹی چیلنجز کے خلاف تیار کرنا ہے۔‘
تاہم، فرانسیسی وزیراعظم کے دفتر نے اس خبر پر باضابطہ ردعمل دینے سے گریز کیا ہے۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ملک کی فضائیہ کو مضبوط بنانے کے لیے رافیل جنگی طیاروں کے آرڈرز میں تیزی لانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے یورپ کو ”روسی خطرے“ اور امریکہ کے ممکنہ عدم تعاون کے لیے تیار رہنے کی تاکید کی۔
میکرون نے کہا، ’میں چاہتا ہوں کہ ہم تیار رہیں اور محفوظ ہوں، کیونکہ کوئی نہیں جانتا کہ آنے والے مہینوں یا سالوں میں کیا ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ فرانس اور یورپ کو اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے دفاعی اقدامات میں اضافہ کرنا ہوگا۔

Views= (420)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین