رمضان شو میں کالر نے پانچویں شادی کا وظیفہ مانگ لیا
Mar 8 2025 | ویب ڈیسک
رمضان المبارک شروع ہوتے ہی تمام ٹیلی وژن چینلز کی جانب سے خصوصی نشریات کے پروگرامات نشر کیے جا رہے ہیں اور ایسے پروگراموں میں ہونے والی باتوں اور بحث کی ویڈیوز بھی وائرل ہو رہی ہیں، جس پر صارفین اظہار برہمی بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
اداکارہ جویریہ سعود کی میزبانی میں نشر ہونے والے رمضان شو میں بھی ایک شخص نے کال کرکے پانچویں شادی کرنے کا وظیفہ مانگ لیا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
جویریہ سعود کے پروگرام میں کال کرنے والے شخص نے بتایا کہ ان کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ پانچویں شادی کرنا چاہتے ہیں۔
جویریہ سعود نے جب کال کرنے والے شخص سے نام پوچھا تو انہوں نے نام بتانے سے گریز کیا لیکن اپنا حال بیان کرکے پانچویں شادی کا وظیفہ مانگ لیا۔
کال کرنے والے نے سوال کیا کہ ایک لڑکی انہیں بہت پسند کرتی ہیں اور وہ بھی ان سے شادی کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ ایسا کر نہیں پا رہے۔
انہوں نے سوال کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی پہلے ہی چار شادیاں ہو چکی ہیں اور پہلی چاروں بیویاں ان سے خوش ہیں، انہوں نے سب کو خوش رکھا ہوا ہے۔
ان کی بات پر جویریہ سعود نے انہیں جواب دیا کہ آپ کو ایسا سوال ہی نہیں پوچھنا چاہیے، چار کرلیں، وہ ہی بہت ہیں۔
اداکارہ کی بات پر کال کرنے والے نے مسکراتے ہوئے کہا کہ، انہیں بتایا جائے کہ ان کی پانچویں شادی ہو سکتی ہے یا نہیں؟
رمضان شو کے درمیان کالر کی جانب سے اپنی پانچویں شادی سے متعلق پوچھے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
زیادہ تر صارفین نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ کال خود کروائی گئی ہے تاکہ پروگرام کو وائرل کیا جا سکے۔
بعض افراد نے ایسے پروگرامات کو فضول قرار دیتے ہوئے اسلامی روایات کے خلاف قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ ایسے شوز کو فوری طور پر بند کردیا جائے۔
کالر کی بات پر پروگرام میں موجود مہمانوں نے بھی انہیں ہاتھ جوڑ کر ہدایت کی کہ وہ شادی کے فیصلے سے باز آجائیں، ان کی چار شادیاں ہو چکیں، اب پہلی چاروں بیویوں کی خدمت پر توجہ دیں۔
Views= (259)
Join on Whatsapp 1 2