ماں نے بیٹی کو شارک سے بچاتے ہوئے اپنی جان دیدی
Dec 5 2023 | ویب ڈیسک
26 سالہ خاتون 5 سالہ بیٹی کے ساتھ تیراکی میں مصروف تھی
میکسیکو کے ساحل پر ایک خاتون ماریا فرنانڈیز پر شارک نے حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا، جس کے نتیجے میں ان کی ٹانگ ضائع ہوگئی، خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا مگر دوران علاج خاتون زندگی کی بازی ہار گئیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ حادثہ میکسیکو کی بندرگاہ مانزانیلو پر اس وقت پیش آیا جب ایک 26 سالہ خاتون اپنی 5 سالہ بیٹی کے ساتھ تیراکی میں مصروف تھیں۔
اسی دوران وہاں شارک بھی پہنچ گئی اور اس نے حملہ کردیا، ماں نے خطرے کو بھانپتے ہوئے بچی کو آگے دھکیل کر کشتی پر بٹھانے کی کوشش کی اور اسی دوران وہ خود شارک کا شکار بن گئیں۔
شارک نے خاتون کی ٹانگ کو کاٹ لیا جس سے بہت زیادہ خون بہہ گیا۔ نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہو گئیں جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے خاتون کی موت واقع ہوگئی۔
شہریوں کے تحفظ کے پیش نظر مقامی حکومت نے ساحل سمندر پر نہانے پر فی الحال مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
اس سے قبل بھی ایک افسوس ناک واقعے میں مصر کے سمندر میں شارک نے گرل فرینڈ کے سامنے روسی لڑکے کو نگل لیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 30 سالہ سیاح لڑکا اپنی گرل فرینڈ اور والد کے ساتھ مصر چھٹیاں منانے گیا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روسی نوجوان کنارے پر تیراکی کررہا ہے اچانک ٹائیگر نسل کی شارک نے حملہ کرکے اسے نگل لیا۔
ریکارڈ ویڈیو میں روسی شخص کو مدد کیلئے ’ڈیڈ ڈیڈ ‘چلاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے لیکن سمندر کا پانی سرخ ہونے پر یہ آوازیں بھی بند ہو جاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت پوپو کی گرل فرینڈ بھی سمندر میں موجود تھی لیکن وہ سمندر سے نکلنے اور اپنی جان بچانے میں کامیاب رہی۔
ساحل پر موجود افراد نے اس خوفناک منظر کو ریکارڈ کیا لیکن ریسکیو عملہ کوشش کے باوجود اس شخص کی جان نہ بچا سکا، لاش کے ایک حصے کو سمندر سے نکال لیا گیا ہے جب کہ باقیات کی تلاش جاری ہے۔
Views= (657)
Join on Whatsapp 1 2