شمالی غزہ خالی کریں،اسرائیل کا 11 لاکھ آبادی کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم

حماس کا غزہ نہ چھوڑنے کا اعلان

اسرائیل نے غزہ میں اپنی افواج کو داخل کرنے سے پہلے وہاں کے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اگلے 24 گھنٹوں میں جنوبی علاقے میں منتقل ہو جائیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفانے دوجارک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے عالمی ادارے کو جمعے کی صبح اطلاع دی کہ غزہ کے شمال میں رہنے والے گیارہ لاکھ باشندوں کو جنوب کی طرف جانے کا الٹی میٹم دیا گیا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ سٹی خالی کرنے کے 24 گھنٹے کی مہلت پر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ نہ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
اسرائیلی فوج نے غزہ میں پمفلٹس پھینکے ہیں جن میں لکھا ہے کہ اپنےگھرفوری چھوڑ دو اور غزہ کےجنوب میں چلےجاؤ۔
اس پر حماس نے غزہ نہ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے اور اپنے بیان میں ترجمان خالد قدومی نے کہا ہے کہ غزہ کے فلسطینی 1948 کی طرح دوبارہ مہاجرین نہیں بنیں گے، غزہ کے شہریوں کا حوصلہ توڑنے کی کوشش ہورہی ہے۔
روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج نے اس انتباہ کے حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
اسرائیل نے غزہ کی سرحد پر اپنی ٹینکوں کو جمع کرنا شروع کیا ہے اور جیٹ طیاروں سے بھی بمباری جاری رکھی ہوئی ہے۔
گزشتہ سنیچر کو فلسطین کے عسکریت پسند گروپ حماس کی جانب سے اسرائیل پر ہزاروں راکٹ داغے جانے کے بعد غزہ پر بمباری میں 500 بچوں سمیت 1500 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق ’عالمی ادارہ اتنی بڑی تعداد میں شہریوں کی منتقلی کو تباہ کُن انسانی بحران پر منتج ہوئے بغیر ناممکن سمجھتا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اقوام متحدہ ایسے کسی بھی حکم کو واپس لینے کی اپیل کرتا ہے جو پہلے سے جاری المیے کو مزید تباہ کن بنا صورتحال میں بدل سکتا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق اسرائیلی فوج کا حکم اقوام متحدہ کے تمام سٹاف اور اُن کے زیرانتظام شیلٹرز، سکولوں، طبی مراکز اور کلینکس پر بھی لاگو کیا گیا ہے۔
روئٹرز نے اقوام متحدہ کے نیویارک میں مشن سے اس حکم پر تبصرہ کرنے کے لیے رابطہ کیا تاہم فوری طور پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ حماس کے اسرائیل پر گزشتہ ہفتے کیے گئے حملے میں ایک ہزار 300 افراد مارے گئے تو جو اس ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا حملہ سمجھا جاتا ہے۔
غزہ کی آبادی 23 لاکھ کے لگ بھگ ہے جہاں اسرائیل کی بمباری سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ہے۔

Views= (906)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین