ایک ہی ایپ پر واٹس ایپ کے متعدد اکاؤنٹس چلانے کی آزمائش

واٹس ایپ نے حال ہی میں ایک ایسا فیچر متعارف کرایا تھا، جس کے تحت ایک ہی اکاؤنٹ کو متعدد ڈیوائسز میں چلانا ممکن ہے۔
لیکن اب واٹس ایپ کے ماہرین اب تک کے سب سے بڑے فیچر پر کام کر رہے ہیں اور اس فیچر کو آزمائش کے لیے پیش کردیا گیا۔
جی ہاں، واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ویب ایٹ انفو‘ کے مطابق ایپلی کیشن پر جلد ہی ایسا فیچر متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت صارفین ایک ہی ایپلی کیشن کے ذریعے متعدد اکاؤنٹس چلا سکیں گے۔
یعنی واٹس ایپ کی ایپلی کیشن میں فیس بک یا ٹوئٹر کی ٹوئٹ ڈیک جیسا فیچر متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت صارف ایک سے زائد اکاؤنٹ کو ایک ہی ایپلی کیشن اور ڈیوائس پر استعمال کر سکے گا،
اس وقت واٹس ایپ میسیجنگ ایپ اور بزنس کو الگ الگ ایپلی کیشنز کے ذریعے ایک ہی ڈیوائس پر چلانا ممکن ہے، تاہم نئے فیچر کے بعد بزنس اور میسیجنگ ایپ کے بھی متعدد اکاؤنٹس ایک ساتھ چلائے جا سکیں گے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ فیچر کے تحت ایک صارف ایک ہی ایپلی کیشن میں کتنے اکاؤنٹ چلا سکے گا، تاہم ممکنہ طور پر ایسے اکاؤنٹس کی حد پانچ تک ہو سکتی ہے۔‎
یعنی ہر صارف ایک ہی موبائل اور ایک ہی واٹس ایپ ایپلی کیشن پر 5 مختلف میسیجنگ اور 5 مختلف واٹس ایپ بزنس کے اکاؤنٹ چلانے کے اہل ہوسکتا ہے۔
اس وقت ملٹی اکاؤنٹ فیچر تک اینڈرائیڈ کے محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے اور اس پر آزمائشی کام جاری ہے۔
ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ مذکورہ فیچر کو کب تک متعارف کرایا جائے گا، تاہم اس میں 6 ماہ کا وقت لگ سکتا ہے اور اسے سال کے اختتام تک پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
مذکورہ فیچر کو اب تک کا واٹس ایپ کا سب سے نمایاں اور بٖڑا فیچر قرار دیا جا رہا ہے، اس سے ہر صارف کو دفتری، گھریلو، کاروباری اور سوشل معاملات ایک ساتھ الگ الگ نمٹانے میں آسانی ہوگی۔

Views= (346)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین