زمان پارک آپریشن روکنے کے لیے درخواست، سماعت 3بجے تک ملتوی

لاہور ہائیکورٹ نےزمان پارک میں آپریشن روکنے کے لیے دائر درخواست کی سماعت میں تین بجے تک وقفہ کر دیا ہے۔
سمات کے دوران تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ ’ہم نے کل آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سے ملاقات کی۔ پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کو قانون کے مطابق سکیورٹی دیں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’دوسرا معاملہ اتوار کے جلسے کا تھا۔ ہم پیر کے روز لاہور میں جلسہ کریں گے، ریلی نہیں نکالیں گے جلسے کے لیے پانچ دن پہلے انتظامیہ کو آگاہ کریں گے۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ ’دونوں طرف سے لوگ زخمی ہوئے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ یہ گرفتاریاں نہ کریں۔‘
جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیے کہ ’کیمرے لگے ہیں لوگوں کی نشاندہی کریں جو قانونی کارروائی بنتی ہیں وہ کریں۔‘
فواد چوہدری نے بتایا کہ عمران خان کی حفاظتی ضمانت دائر ہو گئی ہے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے فواد چوہدری کو کہا کہ ’آپ کی ساری باتوں میں ایک لیگل ایشو ہے۔ دو معاملے ہیں کہ معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور ٹرائل کورٹ میں ہے اس سٹیج پر ہم کیسے حفاظتی ضمانت سُن سکتے ہیں۔‘
عمران خان کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان حفاظتی ضمانت کے لیے آپ کے پاس آئیں۔‘
جس پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا ’ہو سکتا ہے وہ کیس میرے پاس نہ آئے۔‘
کیس کی سماعت کے دوران فواد چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ ’ہم گرفتاری کے معاملے پر آئی جی کے ساتھ بیٹھ کر طے کر لیتے ہیں۔‘
اس پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ ’میں گرفتاری کے معاملے پر کسی کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا۔‘

Views= (753)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین