بستر پر بیٹھ کر کھانا کیوں نہیں کھانا چاہیے؟
Dec 26 2024 | ویب ڈیسک
اگر آپ کو آرام اورسستی کی وجہ سے بستر پر بیٹھ کر یا لیٹ کر کھانا کھانے کی عادت ہوگئی ہے تو فورا اس عادت کوترک کر دیں۔ کیونکہ یہ عادت آپ کی صحت کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
آپ نے اپنے گھر کے بڑوں کو یہ کہتے ضرور سنا ہوگا کہ بستر پر بیٹھ کر نہیں کھانا چاہیے۔ وہ ہمیشہ ہمیں زمین پر بیٹھ کر کھانا کھانے کامشورہ دیتے ہیں۔ اس کی اصل وجہ تو شاید انہیں خود بھی معلوم نہ ہو لیکن سائنسی اعتبار سےبھی آپ کی یہ عادت درست نہیں ہے۔
اگر آپ آرام کی خاطر بستر پر لیٹ کر کھانے کامزہ لیتے ہیں تو یہ آپ کی صحت کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
دراصل ہم کیا کھا رہےہیں اس کے ساتھ یہ بھی اہم ہے کہ ہم کیسے کھا رہے ہیں؟ آئیے آج جانتے ہیں کہ ہمیں بستر پر بیٹھ کر کیوں نہیں کھانا چاہیے؟
ہاضمے کو متاثر کرتا ہے
آرام کی غرض سے بستر پر لیٹ کر کھانا یا کرسی پر بیٹھ کر کھانا یہ دونوں آپشن ہاضمے کے لیے نقصان دہ ہیں۔ بعض اوقات یہ معدے میں بھاری پن اور تیزابیت کا سبب بن سکتا ہے اگر آپ کو بستر پر ہی بیٹھ کر کھانا ہے تو پھر آپ کو چاہیے کہ سیدھے بیٹھ کر کھائیں یا صحیح کرسی پر بیٹھ کر کھائیں۔
نیند میں خلل ڈالتا ہے
روزانہ بستر پر بیٹھ کر کھانے سے ہماری نیند پر بھی برا اثر پڑتا ہے۔ ہمارا جسم کسی خاص جگہ اور اس سے متعلق ہماری سرگرمیوں کو اچھی طرح پہچانتا ہے۔ جس طرح مطالعہ کا تعلق مطالعہ کی میز سے ہوتا ہے اسی طرح بستر کا تعلق ہمیشہ نیند سے ہوتا ہے اور جب آپ بستر پر سونے کی بجائے کھاتےہیں تو یہ آپ کے دماغ کو تھوڑا سا الجھادیتا ہے۔ روزانہ ایسا کرنے سے آپ کو بعض اوقات بستر پر سونے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
وزن میں اضافہ ہو سکتا ہے
بستر پر کھانے سے وزن میں بھی تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس کے پیچھے ایک انتہائی دلچسپ نفسیاتی وجہ چھپی ہوئی ہے۔ دراصل جب آ پ آرام کرنے کے موڈ میں ہوتے ہیں تو بستر پر بیٹھ کر کھاتے ہوئے عموما ٹی وی یا موبائیل پر تفریح بھی ساتھ ساتھ چلتی رہتی ہے اور اس آرام دہ حالت میں کئی بار آپ دو کی بجائے چار روٹیاں بھی کھا لیتے ہیں اور آپ کو اس کا احساس تک نہیں ہوتا ہے۔ روزانہ یہ تھوری سی اضافی کیلوریز آپ کے وزن میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔
الرجی اور انفیکشن
بستر پر بیٹھ کر کھانا کھاتے وقت خواہ کتنا ہی خیال کیوں نہ رکھا جائے کھانے کے ذرات بستر پر رہ ہی جاتے ہیں اور بعض اوقات یہ چھوٹے چھوٹے ذرات کئی دنوں تک بستر پر پڑے رہ جاتے ہیں۔ اس کی وجہ سے بستر میں فنگل انفیکشن اور الرجی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ بعض اوقات کھانے کے ذرات کی وجہ سے کاکروچ اور چیونٹیاں بھی بستر کا رخ کرلیتی ہیں۔ اس سے بھی انفیکشن پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
Views= (52)
Join on Whatsapp 1 2