بنگلہ دیشی ماڈل سعودیہ سے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار
Apr 15 2025 | ویب ڈیسک
بنگلہ دیشی پولیس نے ماڈل اور سابق مس ارتھ بنگلہ دیش میگھنا عالم کو سعودی عرب سے سفارتی تعلقات خراب کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا، جسے عدالت نے 30 دن کے لیے جیل بھی بھیج دیا۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق میگھنا عالم کو ڈھاکا پولیس نے گزشتہ ہفتے 9 اپریل کو گرفتار کیا تھا، جسے بعد ازاں عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ماڈل کو اسپیشل پاورز ایکٹ کی خلاف ورزی پر 30 دن کے لیے جیل بھیج دیا۔
ماڈل کی گرفتاری کے بعد چند دن قبل بنگلہ دیش کی وزارت پارلیمانی امور قانون، و انصاف کے مشیر آصف نذرل نے میگھنا عالم کی گرفتاری میں خامیوں میں اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میگھنا عالم کی گرفتاری مناسب طریقہ کار کے مطابق نہیں کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ میگھنا عالم کے خلاف کچھ الزامات ضرور ہیں، تاہم خصوصی اختیارات کے ایکٹ (اسپیشل پاورز ایکٹ) کے تحت گرفتاری صحیح طریقے سے نہیں کی گئی۔
انہوں نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ میگھنا عالم کی گرفتاری کی منظوری محکمہ داخلہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی گئی تھی، پولیس ان کے خلاف مزید تفتیش کر رہی ہے۔
میگھنا عالم کو 9 اپریل کو اس وقت ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا جب کہ انہوں نے فیس بک پر براہ راست ویڈیو میں بنگلہ دیش میں تعینات سعودیہ کے سفیر پر الزامات عائد کیے تھے۔
میگھنا عالم نے کسی کا بھی نام لیے بغیر سعودیہ کے سفیر پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ بنگلہ دیشی اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے ذریعے انہیں خاموش کروانے میں مصروف ہیں۔
ماڈل کی جانب سے فیس بک پر براہ راست ویڈیو چلانے کے دوران ہی پولیس نے انہیں گرفتار کیا اور بعد ازاں انہیں عدالت میں پیش کیا، جہاں انہیں 30 دن کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔
گرفتار ماڈل کے والد بدر عالم کے مطابق بنگلہ دیش میں تعینات سعودی عرب کے سفیر ان کی بیٹی سے شادی کے خواہش مند تھے لیکن ان کی بیٹی نے انکار کیا۔
میگھنا عالم کے والد نے انکشاف کیا کہ ان کی بیٹی کے سعودیہ کے سفیر کے ساتھ تعلقات تھے لیکن سفیر ان سے شادی کی خواہش مند تھے، جس پر ان کی بیٹی نے انکار کیا۔
ان کے مطابق سعودیہ کے سفیر پہلے سے ہی شادی شدہ اور بچوں کے باپ تھے، جس وجہ سے ان کی بیٹی نے شادی سے انکار کیا۔
ماڈل میگھنا عالم کی گرفتاری پر بنگلہ دیش میں کام کرنے والی مقامی اور غیر ملکی انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ان کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
میگھنا عالم نے 2020 میں مس ارتھ بنگلہ دیش کا ٹائٹل جیتا تھا، جس کے بعد انہوں نے ماڈلنگ شروع کی اور وہ عالمی سطح پر ہونے والے حسن کے مقابلوں میں بنگلہ دیشی عہدیدار کے طور پر نمائندگی کرتی رہی ہیں۔
Views= (370)
Join on Whatsapp 1 2