چیف جسٹس کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس، جسٹس منصور علی شاہ کا سسٹم ایک ماہ تک نافذ کرنے کا فیصلہ
Oct 28 2024 | ویب ڈیسک
نومنتخب چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں پہلا فل کورٹ اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس تقریباً دو گھنٹے سے زائد جاری رہا، فل کورٹ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ کا کیس مینجمنٹ سسٹم ایک ماہ تک نافذ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس ہوا، تقریباً دو گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں تمام دستیاب جج شریک ہوئے۔
جسٹس منصور علی شاہ عمرے کی ادائیگی کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے۔
ذرائع کے مطابق فل کورٹ اجلاس میں ججز کے تحفظات سمیت اہم انتظامی امور زیر غور آئے، اس کے علاوہ اجلاس میں عدالتی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
فل کورٹ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں سپریم کورٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور کیسز نمٹانے کے بارے میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، خصوصی بنچز دیوانی اور فوجداری مقدمات کو نمٹائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ کے کیس منیجمنٹ سسٹم کو ایک ماہ کے لیے نافذ کیا جائے گا، فل کورٹ کا آئندہ اجلاس 2 دسمبر کو ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں عدالتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا، رجسٹرار سپریم کورٹ نے کیس لوڈ کے حوالے سے آگاہ کیا اور وقت پر کیسز کے فیصلوں کے حوالے سے بھی بتایا، رجسٹرار کے مطابق سپریم کورٹ میں اسوقت 59 ہزار 191 کیسز زیرالتوا ہیں۔
اعلامیے کے مطابق پلان میں فوجداری اور دیوانی مقدمات تیزی سے نمٹانے کیلئے مخصوص 2 اور 3 رکنی بینچوں کو تفویض کرنے کی تجویز دی گئی، ججز نے نظام میں بہتری کے لیے قیمتی تجاویز اور سفارشات پیش کیں، ججز نے مقدمات کے بوجھ کو کم کرنے کے عزم کو اجاگر کیا، جسٹس منصورعلی شاہ نے وڈیولنک کے ذریعے مزید تجاویز دیں، ان تجاویزکا مقصد مقدمات کا بوجھ کم کرکے ابتدا میں ایک ماہ کیلئے عدالتی کارکردگی میں بہتری لانا ہے، اس کے بعد 3 ماہ اور 6 ماہ کے منصوبے پر عمل درآمد ہوگا۔
چیف جسٹس نے تمام ججز کا شکریہ ادا کیا، اور کیس مینجمنٹ پلان کے مکمل نفاذ کے عزم کا اظہار کیا۔
Views= (376)
Join on Whatsapp 1 2