لڑکی کا ویلنٹائن ڈے پر سابق بوائے فرینڈ سے انوکھا انتقام
Feb 16 2025 | ویب ڈیسک
کہتے ہیں کہ محبت اور جنگ میں سب کچھ جائز ہوتا ہے، اور لگتا ہے کہ بھارتی شہر گڑگاؤں کی ایک لڑکی نے اس بات کو ویلنٹائن ڈے پر سنجیدگی سے لے لیا۔ 24 سالہ آیوشی راوت نے کیش آن ڈلیوری پر 100 پیزا آرڈر کیے، لیکن ٹوئسٹ یہ تھا کہ اس نے ڈیلیوری کا پتہ اپنے سابق بوائے فرینڈ یش سانگھوی کے گھر کا لکھوایا۔
یہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب ایک ڈیلیوری بوائے کی تصویر وائرل ہوئی، جس میں وہ یش کے دروازے پر 100 پیزا کے ڈبے رکھ رہا تھا۔
یہ بریک اپ کا بدلہ تھا یا محض ایک تشہیری حربہ؟ انٹرنیٹ پر اس حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ کچھ صارفین نے لڑکی کے اس اقدام کو غیر اخلاقی قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے مارکیٹنگ اسٹنٹ کہا۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’یہ سمجھ نہیں آتا، اگر لڑکی نے اپنے نمبر سے آرڈر دیا ہوگا تو لڑکا آسانی سے کہہ سکتا تھا کہ یہ اس کا آرڈر نہیں ہے، اور الٹا لڑکی مشکل میں پڑ سکتی تھی۔‘
ایک اور صارف نے کہا، ’ایسا کرنا کسی کے لیے بھی اچھا نہیں، امید ہے کہ کوئی ایسی صورتحال میں نہ پڑے۔‘
کچھ صارفین نے اس حرکت کو ’انتقام‘ قرار دیا، جبکہ دیگر نے کہا کہ ’اتنا بڑا آرڈر کیش آن ڈلیوری پر ممکن ہی نہیں۔‘
کچھ لوگوں نے اسے ’کھانے اور وسائل کا ضیاع‘ بھی کہا، جبکہ دیگر نے اسے ’مارکیٹنگ کی حکمت عملی‘ قرار دیا۔
اسی طرح کا ایک اور واقعہ بھی سامنے آیا، جہاں ایک خاتون نے اپنے سابق بوائے فرینڈ کو انوکھے انداز میں سبق سکھایا۔ اس نے سوئگی انسٹا مارٹ کے ذریعے اپنے سابقہ محبوب کو ”کچرے کے تھیلے“ بھجوا دیے، اور ساتھ ایک نوٹ لکھا، ’’انسٹا مارٹ سے تمہارے لیے کچھ بھیجا ہے، اسے محبت کے ساتھ پہنو۔ اگر سائز چھوٹا ہو تو بتا دینا، میں بڑے بھیج دوں گی۔‘
Views= (480)
Join on Whatsapp 1 2