’تمہارے 13ویں بچے کی ماں ہوں‘، ایلون مسک کا انفلوئنسر کے دعوے پر ایک لفظی ردعمل

ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے سوشل میڈیا انفلوئنسر ایشلے سینٹ کلیئر کے اس دعوے پر خاموشی توڑ دی ہے کہ وہ ان کے پانچ ماہ کے بچے کے والد ہیں۔ ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ”Whoa“ لکھ کر اس خبر پر ردعمل دیا۔ ایلون کا یہ ردعمل اس پوسٹ کے جواب میں آیا جس میں کہا گیا تھا کہ 26 سالہ ایشلے سینٹ کلیئر کئی سالوں سے ان کے بچے کی ماں بننے کی منصوبہ بندی کر رہی تھیں۔ ایشلے سینٹ کلیئر نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ ایلون مسک ان کے بچے کے والد ہیں۔ انہوں نے لکھا، ’پانچ ماہ پہلے، میں نے ایک نئے بچے کو جنم دیا۔ ایلون مسک اس کے والد ہیں،‘ ساتھ ہی انہوں نے لاطینی جملہ ”Alea iacta est“ (فیصلہ ہو چکا ہے) بھی لکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے بچے کی حفاظت کی خاطر یہ معلومات چھپائے رکھی تھیں، لیکن جب انہیں معلوم ہوا کہ میڈیا اس خبر کو منظرعام پر لانے والا ہے تو انہوں نے خود ہی اس کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے پہلے یہ معلومات اپنے بچے کی پرائیویسی اور حفاظت کے لیے پوشیدہ رکھی تھیں، لیکن حالیہ دنوں میں یہ واضح ہو چکا تھا کہ ٹیبلیوئڈ میڈیا کسی بھی طرح اس خبر کو سامنے لانے کا ارادہ رکھتا ہے، چاہے اس سے کوئی نقصان ہو‘۔ ایلون مسک کے مختصر ردعمل کے بعد، ایشلے سینٹ کلیئر نے ان پر آن لائن قیاس آرائیوں کو ہوا دینے کا الزام لگایا اور مطالبہ کیا کہ وہ براہ راست ان سے بات کریں۔ انہوں نے ایک حذف شدہ پوسٹ میں لکھا کہ ’ایلون، ہم پچھلے کئی دنوں سے آپ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن آپ جواب نہیں دے رہے۔ آپ کب ہم سے بات کریں گے بجائے اس کے کہ آپ کسی ایسے شخص کے الزامات کا جواب دیں جو میری 15 سال کی عمر کی تصویریں شیئر کر رہا ہے؟‘ ان کے ترجمان برائن گلیکلیچ نے بعد میں تصدیق کی کہ ایشلے اور ایلون مسک نجی طور پر کو-پیرنٹنگ کے حوالے سے ایک معاہدے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’ہم انتظار کر رہے ہیں کہ ایلون مسک عوامی طور پر اپنی والدانہ ذمہ داری قبول کریں تاکہ غیر ضروری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو۔ ایشلے کو یقین ہے کہ ایلون جلد از جلد اس معاہدے کو مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو ان کے بچے کی بہتری اور تحفظ کے لیے ضروری ہے‘۔ ایک اور حذف شدہ پوسٹ میں، ایشلے سینٹ کلیئر نے الزام لگایا کہ ایلون مسک نے ایک ایسے سوشل میڈیا صارف کو جواب دیا جس نے مبینہ طور پر ان کی نابالغی کے دوران لی گئی نامناسب تصاویر شیئر کی تھیں۔ پیپلز میگزین کے مطابق، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایکس کے سیفٹی ٹیم نے اس اکاؤنٹ کو غیر رضامندی کے ساتھ تصاویر شیئر کرنے پر عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔ ان کے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹس کے مطابق، ایکس کے سکیورٹی انچارج نے تصدیق کی کہ یہ اکاؤنٹ پلیٹ فارم کے قواعد کی خلاف ورزی پر ایک ہفتے کے لیے معطل کیا گیا تھا۔ ایشلے سینٹ کلیئر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایلون مسک نے حال ہی میں ان سے مزید بچوں کی پیدائش کی درخواست کی تھی، لیکن اب وہ براہ راست ان سے بات کرنے کے بجائے قیاس آرائیوں میں مگن ہیں۔ ایلون مسک، جو 52 سال کے ہیں، پہلے ہی 12 بچوں کے والد ہیں۔ ان کے پہلی شریک حیات جسٹین ولسن سے پانچ بچے جڑواں ویوین اور گرفن، اور تینوں بھائی کائی، سیکسن، اور ڈیمین ہیں۔ موسیقار گرائمز سے ان کے تین بچے ایکس، ایکسا ڈارک سائیڈرئیل اور ٹیکنو میکینکس ہیں۔ نیورالنک کی ایگزیکٹو شیون زیلس کے ساتھ بھی ان کے جڑواں بچے، اسٹرائیڈر اور ایزور، ہیں۔

Views= (228)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین