انڈیا میں پاکستان کے 20 روپے کے نوٹ نے کیسے کھلبلی مچا دی؟
Feb 15 2025 | ویب ڈیسک
انڈیا کے شہر پونے میں واقع ہاؤسنگ سوسائٹی سے پاکستانی نوٹ برآمد ہوا ہے جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق پونے کے گاؤں کے قریب واقع رہائشی سوسائٹی کی لفٹ سے 20 روپے کا پاکستانی نوٹ برآمد ہوا ہے۔
سوسائٹی میں رہائش پذیر افراد نے 20 روپے کا نوٹ باودھان پولیس سٹیشن کے حوالے کر دیا ہے جس کے بعد پولیس کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق 20 روپے کا یہ پاکستانی نوٹ نیشنل ڈیفینس اکیڈمی (این ڈی اے) سے 18 کلومیٹر دور مانس لیک ہاؤسنگ سوسائٹی سے برآمد ہوا۔
باودھان پولیس سٹیشن کے انچارج انیل وبھوتے کہتے ہیں کہ ’نوٹ ملنے کے بعد سوسائٹی کے رہائشیوں نے پولیس سٹیشن سے رابطہ کیا۔ انہوں نے معاملے کو سلجھانے کی درخواست دائر کی اور نوٹ پولیس کے حوالے کیا۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور معلومات ملنے پر مزید کارروائی کی جائے گی۔
پولیس سٹیشن انچارج کا مزید کہنا تھا کہ ’اس ہاؤسنگ سوسائٹی میں 84 فلیٹ ہیں۔ لفٹ کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمرہ نصب ہے لیکن وہ گزشتہ سال 24 نومبر سے کام نہیں کر رہا۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے مزید سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا جائے گا اور رہائشیوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔
پولیس نے ابھی تک واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی۔
Views= (559)
Join on Whatsapp 1 2