انتخابات کالعدم قراردینے کی درخواست واپس لینے پر درخواستگزار کو وزارت دفاع کے ذریعے نوٹس جاری

کیایہ مذاق چل رہا ہے؟۔۔۔’ایسے نہیں چلے گا‘

پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کالعدم قراردینے سے دائردرخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت کا آٖغاز ہوگیا۔
سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا3 رکنی بینچ کررہا ہے۔ بینچ کے دیگر 2 ارکان میں جسٹس محمد علی مظہراورجسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔
سماعت کے آغاز پر درخواست گزار کی عدم پیشی پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کدھر ہیں؟۔
جسٹس محمد علی مظہرنے کہا کہ درخواست گزارنے 13فروری کوپٹیشن واپس لینے کی استدعا کررکھی ہے۔
درخواست گزار بریگیڈیئر (ر) علی کی جانب سے درخواست واپس لینے پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایسے سپریم کورٹ کے ساتھ مذاق نہیں ہو سکتا۔ درخواست گزارکو کہیں سے بھی لا کر پیش کریں، یہ کیس ہم سنیں گے۔پہلے درخواست داٸرکرتے ہیں اورپھراب غائب ہوجاتے ہیں، کیایہ مذاق چل رہا ہے؟۔
کورٹ ایسوسی ایٹ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزارسے بذریعہ فون اورایڈریس پررابطہ کرنے کی کوشش کی۔
اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا محض تشہیر کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی ، درخواستگزارکوکسی بھی طرح پیش کریں، یہ کیس چلائیں گے۔ درخواستگزارنےدرخواست دائر کرتے ہی خود میڈیا پرجاری کردی۔ جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ انتخابات کے حوالے سے درخواست ٹیلی ویژن کیلئے دائرہوئی تھی۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسی نے ایڈشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ ، ’ایسے نہیں چلے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ عام طورپردرخواست دائرہوتے ہی میڈیا پرجاری نہیں ہوجاتی۔ درخواست گزار سے بذریعہ فون دوبارہ رابطہ کریں، اس طرح سے سپریم کورٹ کا مذاق نہیں بنایاجاسکتا۔ کیا پتا درخواست گزار نے خود درخواست فائل کی بھی یا نہیں، کیا پتا بعدمیں آکردرخواست گزار کہہ دیں کہ میں نے واپس نہیں لی۔
چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کومتعلقہ ایس ایچ او کے ذریعے درخواستگزارکو پیش کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ، ’کیس کی سماعت آج ہی درخواست گزار کے آنے پر ہو گی۔‘
اس دوران سماعت میں وقفہ کردیا گیا جس کے کچھ دیر بعد سپریم کورٹ نےانتخابات کالعدم قراردینےکی درخواست21 فروری تک ملتوی کردی۔
سپریم کورٹ نے درخواست علی خان کو وزارت دفاع کے ذریعے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزارنے خود کو فوج کا سابق بریگیڈئیر ظاہرکیا۔

Views= (334)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین