چینی اے آئی ماڈل ’ڈیپ سیک‘ نے تیل اور گیس کی عالمی قیمتیں گرا دیں
Jan 29 2025 | ویب ڈیسک
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں پیر کو تقریباً دو فیصد تک کم ہوکر دو ہفتے کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ یہ کمی چین کی نئی مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس ماڈل ڈیپ سیک کے کم لاگت نظام کی مقبولیت اور اس کے توانائی کی طلب پر ممکنہ اثرات کے سبب ہوئی۔
خبر رساں ایجنسی روئٹز کے مطابق ڈیپ سیک کے حوالے سے خبروں کے منظر عام پر آنے سے پہلے ہی تیل کی قیمتیں چین کے اقتصادی اعداد و شمار اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مجوزہ ٹیرف پالیسی کے باعث دباؤ کا شکار تھیں، جس سے عالمی اقتصادی ترقی اور توانائی کی طلب پر مزید اثر پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔
بدھ کو برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 77 اعشاریہ 66 ڈالر فی بیرل کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 73.95 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔
چین کی ڈیپ سیک کمپنی کا اے آئی اسسٹنٹ امریکی حریف چیٹ جی پی ٹی کو پیچھے چھوڑ کر ایپل کے امریکی ایپ اسٹور پر سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی مفت ایپ بن گیا ہے۔ اس پیش رفت سے سرمایہ کاروں میں شکوک و شبہات پیدا ہوئے، جو امریکی توانائی کمپنیوں میں یہ توقع رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کر رہے تھے کہ اے آئی ڈیٹا سینٹرز کے لیے توانائی کی طلب میں اضافہ ہوگا۔
جیفریز انویسٹمنٹ بینک کے تجزیہ کارکہتے ہیں کہ ڈیپ سیک ماڈل کے کم توانائی خرچ کرنے کے باعث امریکی بجلی کی طلب میں متوقع اضافے پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
ان کے مطابق، 2030-2035 تک امریکی توانائی کی مجموعی طلب کا تقریباً 75 فیصد اے آئی پر خرچ ہونے کا تخمینہ تھا، لیکن حالیہ پیش رفت ان تخمینوں پر اثر ڈال سکتی ہے۔
Views= (146)
Join on Whatsapp 1 2