شادی میں بن بلائے مہمان، کراچی میں چوری کی وارداتوں میں ملوث ’پورا خاندان‘ گرفتار

بیوی بچوں کے ساتھ نئے کپڑے پہن کر نکلنا، بن بلائے مہمان بن کر کسی بھی شادی میں شریک ہوجانا اور دعوت اُڑانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے سلامی کے لفافے بھی لے اُڑنا۔۔
یہ کسی کرائم سیریل کا سین نہیں بلکہ کراچی میں پیش آنے والا چوری کا واقعہ ہے جہاں ملزم اپنی پوری فیملی کے ساتھ شادی ہالز سے پرس، سونا اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گیا۔
ہوا کچھ یوں کہ پولیس کو گذشتہ ایک ماہ سے مختلف شادی ہالز سے قیمتی سامان چوری ہونے کی درجنوں شکایات موصول ہو رہی تھیں۔
پولیس نے ابتدائی ایک دو شکایات کے بعد اس معاملے کو حل کرنے کے لیے اپنی ٹیمیں ضلع وسطی کے شادی ہالز میں تعینات کیں اور وہاں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کیں۔
سی سی ٹی وی میں پولیس نے ایک مشتبہ شخص کی نشاندہی کی جسے شادی ہال میں موجود خاتون نے کچھ سامان لا کر دیا۔ پولیس نے بغور معائنہ کیا تو انہیں اندازہ ہوا کہ چادر میں لپٹا یہ سامان دراصل شادی میں شریک خواتین کے پرس ہیں۔
پولیس نے متعدد شادی ہالز کی فوٹیجز حاصل کیں جن میں انہیں یہی شخص ہال کے باہر موٹر سائیکل کے ساتھ کھڑا نظر آیا جو خاتون سے سامان وصول کر رہا تھا۔
ان فوٹیجز کی مدد سے پولیس اہلکار الرٹ ہوگئے اور چند ہی گھنٹوں میں مذکورہ شخص قانون کی گرفت میں آگیا۔
ایس ایچ او شارع نور جہاں عابد شاہ نے بتایا کہ ’سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم راشد غنی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے وارداتوں میں شریک ملزم کی بیوی، نوعمر و کمسن بیٹیوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔‘
چوری کی واردات کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایس ایچ او شارع نور جہاں نے بتایا کہ ’ ملزمان ناظم آباد چار نمبر کے رہائشی ہیں۔ وہ بن بلائے لوگوں کی شادیوں میں شریک ہوتے تھے اور موقع پا کر شادی ہال سے سامان چوری کیا کرتے تھے۔‘
ایس ایچ او کے مطابق ملزمان نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ اپنے گھر سے اچھے کپڑے پہن کر تیار ہوکر موٹر سائیکل پر شادی ہالز میں جایا کرتے تھے۔ کسی بھی شادی ہال کے باہر رکتے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد شادی ہال میں جانے کا فیصلہ کرتے تھے۔
خاتون موٹر سائیکل سے اُتر کر شادی ہال میں جاتی اور ملزم شادی ہال کے باہر موٹر سائیکل پر انتظار کرتا۔ خاتون موقع پا کر شادی ہال سے خواتین کے پرس اور دیگر قیمتی سامان اُٹھاتی اور باہر نکل کر اپنے شوہر کے حوالے کر دیتی تھی۔
ملزم نے پولیس کو بتایا کہ ان کی کوشش ہوتی تھی کہ وہ پرس چُرائے جائیں جن میں سلامی کے لفافے ہوتے ہیں۔
ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے درجنوں شادی ہالز میں وارداتیں کی ہیں اور چوری شدہ خالی پرس وہ اپنے گھر کی چھت پر پھینک دیتا تھا۔
پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر چوری کیے گئے پرس برآمد کر لیے ہیں جبکہ چوری شدہ سونا خریدنے والوں کے خلاف بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

Views= (131)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین