آئی فون 16 کا ’کیپچربٹن‘ جو کیمرے کا تصور ہی تبدیل کردے گا

معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے اگلے فلیگ شپ ’آئی فون 16 پرو‘ میں ابھی مہینوں باقی ہیں لیکن اس کے ڈیزائن میں ممکنہ تبدیلیوں اور ممکنہ کیمرے سے متعلق افواہیں پہلے ہی گردش کر رہی ہیں۔تازہ ترین لیکس کے مطابق آئی فون 16 پرو ایک نئے اور زبردست فیچر کے ساتھ مارکیٹ میں متعارف کروایا جائے گا۔
تازہ ترین سی اے ڈی رینڈرز سے پتہ چلتا ہے کہ نئے آئی فون 16 پرو ڈیزائن میں ایک نیا ’کیپچربٹن‘ شامل ہوگا جو ممکنہ طور پر آئی فون 16 پرو کے دائیں جانب پاور بٹن کے نیچے ہوگا۔ قیاس کیا جاتا ہے کہ اس میں ’کیپسیٹو ٹچ‘ فعالیت ہے اور یہ صارفین کو فوکس اور زوم لیول کو ایڈجسٹ کرنے کی سہولت دے گاجس سے انہیں کیمرے پر زیادہ کنٹرول ملے گا۔
کہا جارہا ہے کہ کیپچر بٹن فوٹوز اور ویڈیوز بنانے والوں کیلئے موبائل کیمرا کے استعمال میں انقلاب برپا کر دے گا۔ اس بٹن کی بدولت مکمل شاٹ لینے کے لیے اسکرین پر لگاتار ٹیپ نہیں کرنا پڑے گا بلکہ یہ ایک کلک کی مدد سے صارفین کو با آسانی تصاویر لینے اور ویڈیوز ریکارڈ کرنے کا اختیاردے گا۔
کیپچر بٹن کے ساتھ ساتھ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایپل آئی فون 16 میں ایکشن بٹن کا سائز بڑھا سکتا ہے۔ کمپنی نے آئی فون 15 پرو کے ساتھ ایکشن بٹن متعارف کرایا تھا جوصارفین کو مختلف اقدامات تفویض کرنے کی اجازت دیتا ہے جیسےکہ کیمرہ ایپ لانچ کرنا یا شارٹ کٹ اسٹارٹ کرنا۔ اطلاعات کے مطابق بڑے سائز کا ایکشن بٹن رسائی کو بڑھائے گا اور اسے استعمال کرنا آسان بنائے گا۔
ڈیزائن کی تبدیلیوں کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ ایپل کی جانب سے تبدیل شدہ کیمرہ سیٹ اپ پر کام کیا جارہا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ آئی فونز کی پچھلی تین سیریز میں نظر آنے والی سہ رخی شکل کے بجائے بڑے لینس رکھنے کے لیے عمودی کیمرے کی ترتیب متعارف کرانے پر کام کیا جارہا ہے جس میں ”ٹیٹراپرزم“ ٹیلی فوٹو کیمرا لینس بھی شامل ہے جو بہتر زوم کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس تبدیلی سے ایپل کے آئی فون کے کیمرے کو اپنے حریفوں سے بہتر بنانے کے مقصد کو مزید تقویت ملے گی۔
فزیکل بٹن کے علاوہ لیک ہونے والے رینڈرز آئی فون 16 پرو میں اس کے پیشرو کے مقابلے میں معمولی اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ افواہوں سے اشارہ ملتا ہے کہ آئی فون 16 پرو 6.1 انچ ڈسپلے کے ساتھ آئی فون 15 پرو کے مقابلے میں تھوڑا مزید لمبا اور چوڑا ہوسکتا ہے۔
تاہم واضح رہے کہ ایسی تمام معلومات فی الحال غیر مصدقہ ہیں اور ایپل نے ابھی تک آئی فون 16 پرو کے لیے کسی بھی ڈیزائن میں تبدیلی کی تصدیق نہیں کی ہے۔
ایپل کے روایتی ریلیز شیڈول کے بعد آئی فون 16 سیریز کی باضابطہ رونمائی ستمبر یا اکتوبر 2024 کے موسم خزاں کے دوران ہونے کا امکان ہے۔ اس وقت تک یہ لیکس آنے والی فلیگ شپ ڈیوائس کے بارے میں قیاس آرائیوں اور جوش و خروش کو مزید بڑھاتی رہیں گی تاہم نئی جنریشن کے آئی فونز کی رونمائی کے بعد سب واضح ہوجائے گا۔

Views= (545)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین