اداکارہ دنانیر مبین کی احد رضا میر سے تعلقات استوار ہونے پر وضاحت

ابھرتی ہوئی اداکارہ دنانیر مبین نے ساتھی اداکار احد رضا میر کے ساتھ آن اسکرین جوڑی پسند کیے جانے اور ان سے مبینہ تعلقات استوار ہونے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ آن اسکرین رومانس کرنا اداکاروں کا کام ہوتا ہے۔
دنانیر مبین اور احد رضا میر کی جوڑی کو ’میم سے محبت‘ نامی ڈرامے میں کافی پسند کیا گیا، جہاں دونوں نہ صرف ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار دکھائی دیتے ہیں بلکہ دونوں شادی بھی کرلیتے ہیں۔
دونوں کی آن اسکرین کیمسٹری کو پسند کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں کی جوڑی کو پسند کیا گیا اور ساتھ ہی چہ مگوئیاں کی جانے لگیں کہ دونوں کے ممکنہ طور پر تعلقات استوار ہو چکے ہیں۔
حال ہی میں دنانیر مبین نے بھارتی صحافی کو یوٹیوب پر انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے اداکارہ سے احد رضا میر کے ساتھ آن اسکرین اور آف اسکرین تعلقات سے متعلق سوال کیا۔
صحافی نے ان سے پوچھا کہ ڈرامے میں احد رضا میر کے ساتھ ان کی جوڑی کو پسند کیا جا رہا ہے اور مداح مطالبہ کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی ایک بن جائیں، اس پر ان کا کیا خیال ہے؟
سوال پر دنانیر مبین نے کہا کہ اس پر ان کی دو مختلف رائے ہیں، ایک تو یہ ہے کہ شروع سے ہی ایسا ہوتا آ رہا ہے، مداح آن اسکرین جوڑیوں کو پسند کرنے کے بعد انہیں حقیقی زندگی میں بھی ایک ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں جو کہ مداحوں کا سچا پیار ہے اور یہ اچھا بھی لگتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسری ان کی یہ رائے ہے کہ مداحوں کو ایسا نہیں سوچنا چاہیے، انہیں سمجھنا چاہیے کہ اداکاروں کی بھی حقیقی زندگی ہوتی ہے، آن اسکرین رومانس کرنا ان کا کام ہے۔
دنانیر مبین کے مطابق اب اتنا شعور آ چکا ہے کہ شائقین کو سمجھنا چاہیے کہ ہر اداکار کی ذاتی زندگی بھی ہوتی ہے، اداکار اسکرین پر جو کام کرتے ہیں، وہ صرف دکھاوا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آن اسکرین پر کام کرنے کے علاوہ ان کی ذاتی زندگی بالکل مختلف ہے، وہ دو مختلف افراد ہیں اور شائقین کو یہ سمجھنا چاہیے۔
دنانیر مبین کا کہنا تھا کہ یہ اچھی بات ہے کہ مداح ان کی جوڑی کو پسند کرتے ہیں اور ان سے متعلق سوچتے ہیں کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی ایک ہوجائیں لیکن ساتھ ہی شائقین کو سمجھنا چاہیے کہ وہ دو اداکار ہیں اور اسکرین پر رومانس کرنا ان کا کام ہے۔
دوران انٹرویو انہوں نے احد رضا میر کی شخصیت اور اداکاری کی تعریفیں بھی کیں اور کہا کہ شوٹنگ کے دوران دونوں کے درمیان مختلف معاملات پر بحث ہوتی تھی اور انہوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔
دنانیر مبین کا کہنا تھا کہ احد رضا میر ان سے زیادہ سینئر اور بڑے اداکار ہیں، ان کے مقابلے انہوں نے اب تک صرف چار ڈرامے ہی کیے ہیں۔

Views= (283)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین