سابقہ ریکارڈ یافتہ ٹک ٹاکر پولیس کالج کی تقریب میں بنا ’مہمان خصوصی‘

متعدد مقدمات میں ملوث ٹک ٹاکر پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کا ”مہمان خصوصی“ بن گیا۔ سابقہ ریکارڈ یافتہ ٹک ٹاکرکو چوہنگ پولیس ٹریننگ کالج میں بطور مہمان مدعو کیاگیا۔
ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو پولیس کالج چوہنگ کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کرایا گیا جبکہ کاشف ضمیر نے پولیس اہلکاروں اور دفاتر کے اندر تصاویر بھی بنوائیں۔
ٹک ٹاکر کو پولیس کالج کی تقریب میں ’مہمان خصوصی‘ بنانے پر آئی جی نے وضاحت کر دی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ متنازع ٹک ٹاکر کاشف ضمیر ٹریننگ کالج میں مہمان خصوصی نہیں تھے، مدعو کرنے والے ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ متنازع ریکارڈ کے حامل ٹک ٹاکر کو مدعو کرنے والے میڈیا انچارج کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جبکہ مدعو کیے جانے والے مہمانان کی فہرست بنانے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ٹک ٹاکر کاشف ضمیر ٹریننگ کالج چوہنگ میں بطور مہمان خصوصی مدعو نہیں تھے۔
جبکہ پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے معاملے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی طرف سے تحقیقات کے بعد کاشف ضمیر کو کالج چوہنگ لانے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی ہے۔
آئی جی نے واضح کیا کہ کاشف ضمیر کو قطعی طور پر مہمان خصوصی کے طور پر ٹریننگ کالج میں مدعو نہیں کیا گیا۔ وہ انچارج میڈیا ٹریننگ کالج کی طرف سے مدعو کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے خلاف فراڈ، دھوکہ دہی سمیت متعدد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جبکہ ترک اداکار کے ساتھ دھوکے پر بھی وہ گرفتار رہ چکے ہیں۔

Views= (717)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین