مخلص اور دکھاوا کرنے والے دوست کو کس طرح پہچانا جائے؟

بے شک کسی دوست کو کھونا ایک تکلیف دہ عمل ہے، خاص طور پر ایسا دوست جسے آپ بچپن یا جوانی سے جانتے ہوں۔
دوستی خوشی اور اکیلے پن سے چھٹکارے کا ایک اہم ذریعہ ہے، لیکن بدقسمتی سے کچھ لوگ سچا دوست ہونے کا صرف دکھاوا کرتے ہیں، اور وہ دکھاوا بھی ایسا کہ آپ کو یقین ہی نہ آئے۔
تو سوال یہ ہے کہ آپ ایک ”جعلی دوست“ کو کیسے پہچان سکتے ہیں؟
جعلی دوست کی شناخت ویسے تو کافی آسان ہے، ایسے لوگ آپ کے فائدے اور فلاح کے بارے میں کوئی فکر نہیں کرتے اور نہ ہی آپ کے بہترین مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔
یہ لوگ بے ایمان اور موقع پرست ہوتے ہیں اور آپ کی دوستی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
جعلی دوست کی ایک اہم نشانی آپ کی زندگی، احساسات اور خوف میں ان کی حقیقی دلچسپی کا فقدان ہے۔
اس کے بجائے وہ خود پر توجہ مرکوز کرتے ہیں اور ”میں، اور بس میں“ کا رویہ ظاہر کرتے ہیں۔
مزید یہ کہ، ایسے دوست صرف اس وقت مدد پیش کرتے ہیں جب اس میں ان کا اپنا کوئی فائدہ ہو اور اکثر آپ کی زندگی میں منفیت، ڈرامہ یا تنقید ہی لاتے ہیں۔
جعلی دوست آپ کے راز دوسروں کو بتا کر، آپ کی غیبت کرکے یا پیٹھ میں چھرا گھونپنے والے کام کرکے آپ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں۔
حقیقی دوستی کے لیے باہمی تعاون بنیادی چیز ہے، جہاں دونوں فریق برابری کی بنیاد پر لین دین کرتے ہیں۔
تاہم، جعلی دوست اس بیلنس کو نظر انداز کر دیتے ہیں اور بدلے میں کچھ فراہم کیے بغیر ہی آپ سے فائدہ اٹھاتے رہتے ہیں۔
ایسے جعلی دوستوں سے نمٹنے کے لیے درج ذیل طریقوں پر غور کریں۔
اپنی خوشی پر ان کے تاثرات کا اندازہ لگائیں اور طے کریں کہ دوستی برقرار رکھنے کے قابل ہے یا نہیں۔
ان کی موجودگی کے منفی اثرات سے اپنے آپ کو بچانے کے لیے واضح حدود قائم کریں۔
اپنے خدشات اور جذبات کے بارے میں اپنے جعلی دوست کے ساتھ کھلی اور ایماندارانہ گفتگو میں مشغول ہوں، یعنی اپنی باتوں سے اسے بتائیں کہ آپ جانتے ہیں وہ دوست ہونے کا ناٹک کرتا ہے اور آپ کو اس پر بھروسہ نہیں۔
ایسے لوگوں کے ساتھ وقت بتائیں جو حقیقی طور پر آپ کی فلاح و بہبود کا خیال رکھتے ہیں، اور ان بامعنی رابطوں کو فروغ دینے میں اپنا وقت اور توانائی صرف کریں۔
جعلی دوستوں کے اثرات کو بتدریج خود کو ان سے دور کر کے کم کریں۔ یاد رکھیں، آپ مستند اور قابل اعتماد دوستی کے مستحق ہیں۔
اصلی اور جعلی لوگوں کے درمیان فرق کرنا مشکل ہو سکتا ہے، کیونکہ وہ اکثر ایک جیسی خصلتوں کی نمائش کرتے ہیں۔
تاہم، کچھ اہم اختلافات ہیں جو آپ کو حقیقی افراد کی شناخت میں مدد کر سکتے ہیں۔
امریکی ویب سائٹ ”لورنگ مائنڈ“ کی مصنفہ شیری ہرڈ نے درج ذیل امتیازی عوامل پر روشنی ڈالی ہے۔
جعلی لوگ حدود کو نظر انداز کرتے ہیں، جبکہ حقیقی لوگ دوسروں کے آرام کا احترام کرتے ہیں اور انہیں ترجیح دیتے ہیں۔
جعلی لوگ جھوٹ بولتے اور سچائی کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، جبکہ حقیقی لوگ ایمانداری کو ترجیح دیتے ہیں، چاہے اس کا نتیجہ کڑوی سچائی کا سامنا کرنا ہو۔
جعلی لوگ اپنی کامیابیوں پر مسلسل فخر کرتے ہیں، جبکہ حقیقی لوگ عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اگر وہ غیر ارادی طور پر شیخی بگھارتے ہیں تو معافی مانگتے ہیں۔
جعلی لوگ جذبات کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرتے ہیں، ان میں حقیقی ہمدردی اور خلوص کی کمی ہوتی ہے۔ تاہم حقیقی افراد اپنے جذبات کو گلے لگاتے ہیں، خوشی، غم اور محبت کا کھلے عام اظہار کرتے ہیں، اور ہمدردی ظاہر کرنے سے بے خوف ہوتے ہیں۔
ان خصلتوں کو پہچان کر آپ اصلی اور جعلی لوگوں کے درمیان فرق پیدا کر سکتے ہیں۔

Views= (372)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین