وہ طریقے جن کی مدد سے سگریٹ نوشی کی لت سے نجات مل سکتی ہے

سگریٹ چھوڑنا کس قدر مشکل یا آسان ہے اس کا اندازہ اس لطیفے سے لگایا جا سکتا ہے جس میں ایک شخص نے ایک پریشان تمباکو نوش دوست کو دیکھ کر بڑے فخر سے کہا تھا کہ ’تم سے ایک بار سگریٹ نہیں چھوڑے جا رہے، جبکہ میں نے تو کئی بار چھوڑے ہیں۔‘
اس کی تصدیق یہ کہتے ہوئے سائنسدانوں نے بھی کر دی ہے کہ 90 فیصد تمباکو نوش اس کو چھوڑنے کی کوشش کرتے ہیں مگر کامیاب نہیں ہو پاتے۔
الرجل میگزین کی رپورٹ میں ایک بار پھر انتباہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ سگریٹ نوشی جان لے سکتی ہے لیکن پھر بھی لاکھوں لوگ اس کے کش لگاتے ہیں۔
تاہم ساتھ ہی کچھ ایسے طریقے بھی بتائے گئے ہیں کہ جن کی مدد سے اسے خدا حافظ کہا جا سکتا ہے۔
مالی معاملات
اس میں کوئی شک نہیں کہ سگریٹ نوشی صحت ہی نہیں مالی طور پر بھی نقصان کا باعث بنتی ہے جبکہ آج کل تو سگریٹ ویسے بھی ماضی کے مقابلے میں دو گنا مہنگے ہو گئے ہیں اس لیے مالی نقصان کے نکتے کو ذہن میں رکھا جائے تو سگریٹ کی خریداری کی طرف بڑھتے قدم کسی حد تک روکے جا سکتے ہیں۔
نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیشن کی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران ان لوگوں کی بڑی تعداد تمباکو نوشی چھوڑنے میں کامیاب ہوئی جن کو تمباکو نوشی چھوڑنے کے لیے مالی ترغیب حاصل تھی۔
اچانک مکمل بندش
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا صرف وہی لوگ کر سکتے ہیں جو اپنی زندگی میں بہت زیادہ نظم و ضبط کے پابند ہیں جبکہ زیادہ تر لوگ اس کے پابند نہیں ہوتے۔ تحقیق سے ظاہر ہے کہ صرف سات فیصد افراد کو بغیر کسی اضافی مدد کے سگریٹ چھوڑ سکتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی یکدم چھوڑنا چاہے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے آپ کو پہلے اس کے لیے ذہنی طور پر تیار کرے کہ اس پر قائم رہنا ہے اس لیے پکا ارادہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ کچھ متبادل راستے

ماہرین یہ بھی تجویز کرتے ہیں کہ جب طلب شروع ہو تو دھیان بٹانے کے لیے کچھ ایسا کیا جائے کہ طلب تھم جائے، اس کے لیے پانی پینا یا پھر کسی دوسری چیز کی طرف متوجہ ہو جانا بھی مفید ہے جبکہ سیر کے لیے نکل جانا بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ اسی طرح گہری اور آہستہ آہستہ سانس لینے سے بھی طلب کم ہو سکتی ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ ایسا زیادہ آسان نہیں ہو گا تاہم بار بار کرنے سے صورت حال آسان ہوتی جائے گی۔
ساتھی یا خاندان والوں کی مدد
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سگریٹ چھوڑنے میں آپ کے اردگرد موجود لوگ جیسے رشتہ دار خصوصاً قریبی ساتھی سب سے زیادہ مدد دے سکتا یا سکتی ہے۔
تحقیق سے ثابت ہے ہے کہ ایسا کرنے والے 50 فیصد سے زائد افراد کامیاب رہے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شریک حیات کے تمباکو نوشی چھوڑنے سے پارٹنر کو بھی ایسا کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔
نیکوٹین متبادل تھراپی
اس کے لیے کئی چیزیں دستیاب ہیں جیسے انہیلر، چیونگ گم، نیکوٹین پیچ اور کچھ دوسری اشیا دستیاب ہیں جو تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد دے سکتی ہیں جبکہ جو لوگ اینٹی ڈپریسنٹ ریپلیسمنٹ تھراپی استعمال کرتے ہیں ان کے کامیاب ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
حوصلہ افزائی کرنے والے عوامل سے پرہیز
سگریٹ نوشی سے جڑی کوئی بھی چیز دھیان اس جانب لے جا سکتی ہے جیسے سگریٹ، ایشس ٹرے، لائٹر وغیرہ، اس لیے ان سے پیچھا چھڑانا ضروری ہے اور ایسے دوستوں یا محفلوں سے دور رہنا بھی بہتر ہے جہاں سگریٹ نوشی ہوتی ہو۔ پوری طرح گھر اور گاڑی کو ان تمام چیزوں سے صاف کریں جو سگریٹ کی طلب کا باعث بن سکتے ہیں۔
صحت مند رویہ
آپ کو ایک نئے صحت مند رویے کی عادت ڈالنا ہو گی اس لیے ہاتھوں اور منہ کو سگریٹ کے بجائے کسی اور چیز سے مشغول رکھنا چاہیے جیسے گاجر، کھیرا، چیونگ گم وغیرہ۔ اسی طرح پانی پینے سے بھی کچھ وقت کے لیے سگریٹ کی طلب کم ہو جاتی ہے۔ ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ باقاعدگی سے دانت برش کریں، ورزش کریں اور اپنے اندر ایک صحت مند احساس پیدا کریں تو سگریٹ چھوڑنے میں آسانی ہو گی۔
وجوہات
ماہرین کے نزدیک جن وجوہات کی بنا پر کسی شخص نے سگریٹ پینا شروع کیا ان کا پتہ لگایا جائے اور علاج کیا جائے جیسا کہ کچھ لوگ افسردگی یا تنہائی کی وجہ سے تمباکو نوشی کی طرف جاتے ہیں جبکہ کچھ کسی ایسی شخصیت کی وجہ سے جاتے ہیں جس کو وہ پسند کرتے ہیں اور وہ سگریٹ پیتی ہو۔
فوائد و نقصانات لکھنا
ماہرین کے نزدیک یہ ایسی مشق ہے جو سگریٹ پینے والے کو بار بار احساس دلاتی ہے کہ وہ جو کر رہا یا رہی ہے وہ درست نہیں ہے کیونکہ بہت سوچنے کے بعد بھی تمباکو نوشی کا شاید ایک آدھا فائدہ بھی نہ لکھا جا سکے جبکہ نقصانات والے خانے میں بہت سی چیزیں آ جائیں گی۔
اپنی حوصلہ افزائی اور ریوارڈ
کامیابی سے کچھ عرصے تک سگریٹ نوشی سے دامن بچا کر رکھنے والے کو خود اپنی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے اور سوچنا چاہیے کہ اس دوران اس نے کتنے پیسے بچا لیے ہیں اور سوچے کہ اس سے وہ اپنے یا پھر کسی پیارے کے لیے کون سی چیز خریدے گا اس سے بھی اس میں سگریٹ چھوڑنے کا احساس مزید پختہ ہو گا۔

Views= (1186)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین