گرل فرینڈ سے ملنے کے لیے گاؤں کی بجلی کاٹنے والا ’عاشق‘ پکڑا گیا

اندھیرے میں گرل فرینڈ سے ملنے کے لیے کئی بار پورے گاؤں کی بجلی کاٹنے والے ’عاشق‘ کو بالآخر گاؤں کے لوگوں نے پکڑ ہی لیا۔
نیوز 18 کی رپورٹ کے مطابق انڈین ریاست بہار کے ضلع پورنیہ کے گاؤں گنیش پور کی بجلی اکثر بند ہوجاتی تھی جس پر مقامی لوگ پریشان تھے کیونکہ پورا گاؤں اندھیرے میں ڈوب جاتا۔
ایک خاص بات یہ بھی نوٹ کی گئی کہ ہر شام کو ہی دو تین گھنٹے کے لیے ایک مخصوص وقت پر بجلی بند ہوجاتی تھی جبکہ قریبی علاقے کی بجلی بحال رہتی۔
معاملے میں الیکٹریشن کے ملوث ہونے کا شک گزرنے پر گاؤں والوں نے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کا منصوبہ بنایا جو کافی فلمی سا لگتا ہے۔
طے پایا کہ بجلی جاتے ہی باہر نکل کر دیکھا جائے اور کوئی مشکوک شخص نظر آئے تو اسے پکڑلیا جائے۔
منصوبے کے مطابق بجلی گئی تو کچھ لوگ باہر نکلے جنہیں ایک شخص سرکاری سکول میں داخل ہوتا دکھائی دیا، وہ چپکے سے پیچھے گئے تو حیران رہ گئے۔
سکول کے اندر داخل ہونے والا شخص الیکٹریشن تھا، جبکہ وہاں اس کی گرل فرینڈ بھی موجود تھی۔
اس شخص کو پکڑ کر پورے گاؤں میں پھرایا گیا۔
انہوں نے بجلی کاٹنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد یہ تھا کہ وہ اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر اپنی گرل فرینڈ سے ملے اور جب بھی وہ ایسا کرتا، بجلی بند کردیتا۔
صورت حال اس وقت مزید فلمی ہو گئی جب گاؤں والوں نے دونوں کو پولیس کے حوالے کرنے بجائے دونوں کی شادی کرانے کا اعلان کردیا۔
تقریب میں شامل ایک شخص نے بتایا کہ تھوڑی دیر بعد ہی گاؤں کے سرپنچ اور کونسل ارکان کی موجودگی میں شادی کر دی گئی۔
معاملے کے حوالے سے مقامی پولیس سٹیشن کے انچارج وکاس کمار آزاد کا کہنا ہے کہ ان کو اس واقعے کا علم ہے مگر ابھی تک اس سے متعلق کوئی شکایت سامنے نہیں آئی ہے۔

Views= (806)

گروپ جائن کرنے کے لیے کلک کریں (NewsHook) /#/ (NewsHook-2)

اہم خبریں/ تازہ ترین