’آپ کا سافٹ ویئر وڑ گیا‘ شیرافضل مروت کا اے آئی ماہرین کو مزاحیہ جواب

سوشل میڈیا پر معروف سیاستدانوں سے متعلق دلچسپ معلومات تو بہت ہیں، تاہم کچھ ایسی ہوتی ہیں جو کہ سب کی توجہ خوب سمیٹ لیتی ہیں۔
معروف سیاستدان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کی ایک ایسی ہی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کی ہے، جس میں انہوں نے ایک بار پھر وڑنے کا ذکر کر ڈالا ہے۔
مقامی طور پر منعقد تقریب میں طلباء کی جانب سے اپنی نئی ایجاد سے متعلق بریف کیا جا رہا تھا۔
طلبہ نے تصویر دیکھ کر کسی شخص کے ذیابطیس کے مریض ہونے یا نہ ہونے کی تشخیص کرنے والا سافٹ ویئر بنایا تھا جو مصنوعی ذہانت پر انحصار کرتا ہے۔
نوجوان طالب علم کے مطابق سافٹ وئیر چند سیکنڈز میں شوگر کے ٹیسٹ کے نتائج بتا دے گا، جس پر کچھ لمحے بعد ہی نوجوان نے خوشخبری دی کہ مبارک ہو سر ، ذیابطیس کا منفی رزلٹ آیا ہے۔
جس پر ہال میں تالیاں بجنے لگیں۔ جبکہ طالب علم کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے مطابق ۹۰ فیصد شیر افضل مروت میں ذیابطیس کا کیس نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی نوجوان نے بات ختم کرتے ہوئے شیر افضل مروت سے اس ٹیکنالوجی پر تبصرہ کرنے کو کہا۔
اس پر ممبر قومی اسمبلی نے کہا کہ ویسے تو میں بے حد متاثر ہوا ہوں، اس ڈائیگناسز کے عمل سے۔ تاہم شیر افضل مروت حیران بھی ہوئے اور اس خوشخبری کا اعلان بھی کر دیا کہ مجھے ذیابطیس نہیں ہے۔
لیکن اس کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے انکشاف بھی کر دیا کہ مجھے گزشتہ ۱۲ سال سے ذیابطیس ہے، جس پر ہال میں قہقہے لگنا شروع ہو گئے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ اس بیماری پر میں پاکستان کے بڑے سے بڑے ڈاکٹر سمیت بیرون ملک بھی گیا تاہم آج انکشاف ہوا کہ مجھے ذیابطیس ہی نہیں ہے۔
اس کے ساتھ ہی شیر افضل مروت نے اپنا روایتی جملہ دہراتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے یا تو میرا ذیابطیس وڑ گیا ہے یا پھر آپ کا سافٹ وئیر وڑ گیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو پر دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

Views= (607)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین