مصنوعی ذہانت سے حضرت محمد ﷺ کی حیات مبارکہ پر ویب سیریز تیار

10 اقساط پر مشتمل سیریز کا ٹریلر بھی منظر عام پر آ چکا

آقائے دو جہاں ﷺ سے متعلق ویسے تو کئی واقعات علماء کی زبانی ویڈیو یا پھر لفاظی کی صورت میں موجود ہیں، تاہم حضرت محمد ﷺ کی حیات مبارکہ سے متعلق پہلی آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے بنائی گئی ویب سیریز سب کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
پاکستان اور سنگاپور کے پروڈیوسرز اور کانٹینٹ کرئیٹرز کی جانب سے اے آئی کو بروائے کار لاتے ہوئے پہلی ویب سیریز تیار کی گئی ہے، جس میں واقعات کو ڈیجیٹل طرح سے دکھایا گیا ہے۔
اس ویب سیریز کا ٹائٹل ہے، ’محمد: دی مرسی فار دی ملٹی ورس‘، جس کے لیے عالمی ویڈیو آن ڈیمانڈ تفریحی سروس قاباکس، مسلم پرو اور آن لائن پلیٹ فارم فار سپریچوئل ایجوکیشن قرآن اسکیپ کی جانب سے شراکت داری کی گئی ہے۔
اگرچہ اس ویب سیریز میں واقعات کی بہترین منظر کشی کی گئی ہے، تاہم آقائے دو جہاں ﷺ سے متعلق کوئی تصویری جھلک نہیں دکھائی گئی ہے۔
اس ویب سیریز کی 10 اقساط ہیں جبکہ 2 آن لائن ریلیز کی گئی ہیں، باقی رمضان ہی میں ریلیز کی جائیں گی، ویب سیریز کے پروڈیسر ارسلان کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ کا مقصد آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے آقائے دو جہاں ﷺ کی حیات مبارکہ اور قرآن میں بتائے گئے واقعات کو نئے نقطہ نظر کے طور پر پیش کرنا ہے۔
جبکہ اے آئی کے استعمال سے متعلق ارسلان نے بتایا کہ جنریٹو اے آئی کی مدد سے معنی خیز واقعات کو بتایا گیا ہے۔

دوسری جانب اسکرین رائٹر فاطمہ ستار جو کہ سرمد کھوسٹ کی فلم ’کملی‘ کے لیے بھی اسکرین پلے پر کام کر چکی ہیں، کہتی ہیں کہ اس ویب سیریز کے لیے ان کی ریسرچ کی شروعات یاسر قاضی کے لیکچرز سے شروع ہوئی تھی، جو کہ پاکستانی امریکی مسلم اسکالر اور تھیولوجین ہیں۔
فاطمہ نے بتایا کہ ڈیڈ لائن کافی قریب تھی، یہی وجہ ہے کہ میں زیادہ نہیں پڑھ سکی، تاہم ہمارے پاس ایک مفتی صاحب موجود تھے، جنہوں نے تمام ڈرافٹس کو پڑھا، اور غلطیوں کی تصحیح بھی کی۔
دوسری جانب جین 48 اے آئی فلم فیسٹیول 2023 میں ہانری ایوارڈ حاصل کرنے والے ایوارڈ وننگ ڈائیریکٹر عماد خالد نے آقائے دو جہاں ﷺ کی حیات مبارکہ سے متعلق منظر کشی کی کوشش میں پیش آنے والے چیلنجز سے متعلق بتایا کہ بطور مسلمان یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ جو کہ چیز ہم دکھا رہے ہیں وہ مستند اور باریک بینی سے تحقیق کی گئی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ حضرت محمد ﷺ کے دور خلافت کے زمانے کے مخصوص ماحول اور ثقافت کی منظر کشی میں کئی چلینجز کا سامنا کرنا پڑا، ہمیں اس حوالے سے امیج ایڈیٹنگ اے آئی ٹولز کی معاونت حاصل کرنا پڑی، تاکہ جینیریٹڈ تصاویر ہماری توقعات کے عین مطابق ہوں۔
اس ویب سیریز کا ٹریلر بھی منظر عام پر آ چکا ہے، جس میں حضرت نوح ؑ کی کشتی کے واقعے سے لے کر خانہ کعبہ پر حملہ آوروں پر ابابیل پرندے کے حملے کی منظر کشی دکھائی گئی ہے۔

Views= (337)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین