تحریک انصاف کے رہنما رہنما فواد چوہدری لاہور سے گرفتار

پاکستان تحریک انصاف نے دعوٰی کیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے صبح پانچ بج کر 52 منٹ پر ٹوئٹر پر پولیس کی گاڑیوں کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعوٰی کیا کہ وہ ’فواد چوہدری کو گرفتار کر کے لے جا رہی ہیں۔‘

اس کے چند منٹ بعد فواد چوہدری کے بھائی فیصل حسین نے ٹویٹ کے ذریعے اطلاع دی کہ ’میرے بڑے بھائی سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو تھوڑی دیر پہلے بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑیوں میں نامعلوم افراد نے غیرقانونی طریقے سے گھر سے اٹھایا ہے۔ اغوا کرنے والوں نے وارنٹ دکھائے نہ ہی اپنی شناخت ظاہر کی۔‘
فواد چوہدری کے گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا کہ فواد چوہدری کورات کی تاریکی میں اغوا کیا گیا، یہ بزدلی ہے۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کو ایسے حراست میں لیا گیا جیسے دہشتگرد پکڑے جاتے ہیں۔حماد اظہر نے کہا کہ بتائیں کہ کیا مارشل لا لگ چکا اور اسکا اعلان باقی ہے؟ بتائیں فواد چوہدری کو کہاں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب اہم پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو اسلام آباد پولیس نے لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کو فی الحال لاہور میں ہی نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے تاہم کچھ دیر میں انہیں اسلام آباد لے جایا جائے گا۔
واضح رہے کہ کچھ گھنٹے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے پولیس کو چیلینج کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں پولیس کو دعوت دیتاہوں ہمت ہے تو عمران خان کو گرفتارکرے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اطلاع آئی ہے کہ پولیس کا عمران خان کو گرفتارکرنے کا پلان ہے، عمران خان پر نہ کوئی مقدمہ ہے،نہ کوئی ماحول ہے، پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے کی مذموم کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری شرافت کو کمزوری سمجھا تو یہ آپ کی بھول ہوگی، پورے پاکستان میں احتجاج ہوگا، تمام شہروں کو لاک ڈاؤن کریں گے۔

Views= (583)

گروپ جائن کرنے کے لیے کلک کریں (NewsHook) /#/ (NewsHook-2)

تازہ ترین