پریانکا چوپڑا اور نک جونس کے ہاں سروگیسی کے ذریعے بچے کی پیدائش

بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس کے ہاں سروگیسی کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
اداکارہ نے انسٹا گرام پر پوسٹ کرتے ہوئے اپنے بچے کی پیدائش کے بارے میں مداحوں کو بتایا۔انہوں نے لکھا کہ 'ہمارے ہاں آج سروگیسی کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوئی ہے تاہم اس خوشی کے موقع پر ہماری پرائیویسی کا خیال رکھیں'۔
اداکارہ اور ان کے شوہر کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے اپنے بچے کی پیدائش پر بھرپور خوشی کا اظہار کیا تاہم اس میں یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ دنیا میں آنے والا بچہ لڑکا ہے یا لڑکی۔
لیکن امریکی انٹرٹینمنٹ میگزین 'یو ایس ویکلی' کی رپورٹ میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پریانکا اور نک کے گھر 'بیٹی' کی پیدائش ہوئی ہے، اگرچہ اس حوالے سے اداکارہ کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ پریانکا وہ پہلی اداکارہ نہیں جن کے ہاں سروگیسی کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوئی۔
سروگیسی کیا ہے؟
اس عمل میں والدین کا اسپرم اور ایگ حاصل کرکے لیبارٹری میں ایمبریو بنایا جاتا ہے، پھر اسے کسی دوسری خاتون (جو اس جوڑے کے بچے کو جنم دینے کے لیے تیار ہو) کے یوٹرس (بچہ دانی) میں انجیکٹ کر دیا جاتا ہے۔ پھر 9 ماہ وہ ماں اس جوڑے کے بچے کو اپنی کوکھ میں پالتی ہے، یعنی جینیاتی طور پر بچہ جوڑے کا ہی ہوتا ہے بس بچہ دانی کسی اور کی استعمال کی جاتی ہے، وہ خواتین جن کی عمر زیادہ ہو یا انہیں ہارمونل مسائل ہوں، انہیں ڈاکٹرز سروگیسی کا مشورہ دیتے ہیں۔
بالی وڈ میں سروگیسی کے ذریعے والدین بننے والے اداکار

اداکار شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کا چھوٹا بیٹا ابرام 2013 میں سروگیسی کے ذریعے پیدا ہوا، شاہ رخ کے پہلے بھی دو بچے آریان اور سہانا تھے جب کہ تیسرے کی پیدائش کے لیے انہوں نے سروگیسی کا انتخاب کیا۔
اداکار عامر خان اور ان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کے ہاں 2011 میں سروگیسی کے ذریعے بیٹے آزاد راؤ کی پیدائش ہوئی۔
اداکارہ شلپا شیٹی کے ہاں 2020 میں بیٹی سمیشا کی پیدائش ہوئی جس کے بارے میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ سروگیٹ مدر کی مدد سے پیدا ہوئی ہے۔
اداکارہ پریتی زنٹا کے ہاں گزشتہ برس نومبر میں جڑواں بچوں ایک بیٹا اور ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی۔ ان کے بچوں کی پیدائش بھی سروگیسی کے عمل کے ذریعے ہوئی۔
اداکارہ سنی لیونیکے گھر 2018 میں سروگیسی کے ذریعے جڑواں بیٹوں کی پیدائش ہوئی جس پر اداکارہ کافی خوش تھیں۔
اداکار تشار کپورنے بھی سروگیٹ ماں کے ذریعے اپنے بچے کو 2016 میں جنم دیا جس کا نام ان کی بہن پروڈیوسر ایکتا کپور نے لکشیا رکھا۔
ایکتا کپورنے خود بھی 2019 میں بیٹے کو سروگیسی کے ذریعے پیدا کیا اور یوں وہ 27 سال کی عمر میں ماں بنیں۔ ایکتا اور تشار نے تاحال شادی نہیں کی اور دونوں بہن بھائی بغیر شادی کے بچوں کے ماں اور باپ ہیں۔
فلم ساز اور پروڈیوسر کرن جوہر بھی اسی عمل سے 2017 میں جڑواں بچوں ایک بیٹا اور بیٹی کے والد بنے۔

Views= (215)

گروپ جائن کرنے کے لیے کلک کریں (NewsHook) /#/ (NewsHook-2)

اہم خبریں/ تازہ ترین