پی ٹی آئی نے فیصلہ چارج شیٹ قرار دے دیا، الیکشن کمیشن کیخلاف ریفرنس کا اعلان
Sep 24 2024 | ویب ڈیسک
الیکشن کمیشن کے ذرائع مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد اپنا ردعمل جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلے نے الیکشن ایکٹ کو غیرفعال بنا دیا ہے، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ٹیک اوور کرلیا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ الیکشن کمیشن اب کس قانون کے تحت کام کرے؟ سپریم کورٹ اب الیکشن کمیشن کو خود چلا لے، سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کو اپنی برانچ بنالے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو مکمل طور پر ناکارہ کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں کہا ہے الیکشن کمیشن کے یکم مارچ کے فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، الیکشن کمیشن کا یکم مارچ کا فیصلہ آئین سے متصادم ہے، الیکشن کمیشن فروری 2024 میں اپنا یہ کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔
مخصوص نشستوں کے فیصلے پر پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ’سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ الیکشن کمیشن کے خلاف چارج شیٹ ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ کس طرح الیکشن کمیشن نے ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل سے باہر کیا۔ اس کے باوجود، 8 فروری کو پاکستانی عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا، لیکن الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو غلط طریقے سے استعمال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں سے محروم کیا۔‘
اسد قیصر نے لکھا کہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد، اگر چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن کے دیگر اراکین میں تھوڑی سی بھی اخلاقی جرات ہے، تو انہیں فوراً استعفیٰ دے کر گھر چلے جانا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے لکھا، ’سپریم کورٹ کا تفصیلی اکثریتی فیصلہ آنے کے بعد الیکشن کمیشن کیخلاف تگڑا ریفرنس دائر ہوگا۔‘
انہوں نے بھی لکھا کہ ’سپریم کورٹ کا تفصیلی اکثریتی فیصلہ الیکشن کمیشن پر چارج شیٹ ہے۔‘
Views= (312)
Join on Whatsapp 1 2