اسرائیلی اخبار کامضمون ، ان کو انگریزی سمجھ ہی نہیں آتی ،عمران خان
Sep 23 2024 | ویب ڈیسک
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسہ کا اعلان کردیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی اخبار کے مضمون میں میری تعریف کی گئی ہے، ان کو انگریزی سمجھ ہی نہیں آتی کہ بانی پی ٹی آئی مسلمان دنیا اورمغربی دنیا دونوں میں قابل اعتماد ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ نے ہفتے کو اپنے آرٹیکل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کو اسرائیل کا حمایتی قرار دیا تھا اور پاکستان کی موجودہ قیادت کو تبدیل کرنے کی بات کی گئی تھی۔
اس آرٹیکل کے بعد حکومت نمائندوں اور پی ٹی آئی مخلاف جماعتوں کی جانب سے خوب تنقید کی گئی تھی۔
اس آرٹیکل پر تحریک تحفظ آئین پاکستان نے یروشلم پوسٹ کو پروپیگنڈا اخبار قرار دیا تھا، جبکہ پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات نہیں کی۔
اب عمران خان نے کہا ہے کہ اسرائیل پرمیرا مؤقف وہی ہے جو حکومت پاکستان کی پالیسی ہے، کل سے پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، میں اسرائیل سے تعلقات کا خواہاں اور بڑا حامی ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، پہلے اسرائیل سیز فائر کرے، آپ دو ریاستی حل کی جانب جائیں پھر آپ سے بات چیت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اخبار میں لکھا گیا میری مغربی ممالک اور مسلم امہ میں کریڈا بیلٹی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے اعلان کیا کہ ہم آئندہ ہفتے کو راولپنڈی میں جلسہ کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کا بیان آیا ہے اچھے بچے بنو مل کر رہو تاکہ ملک ترقی کرے، شہباز شریف سن لو امن انصاف سے آتا ہے، الیکشن میں ڈاکہ مارا گیا، نو مئی واقعات میں کارکنوں کو جیل میں ڈالا گیا، کوئی تحقیقات نہیں ہو رہی، جب تک انصاف نہیں ہوگا ملک میں امن نہیں ہوگا، آپ جو ترامیم کرنے جا رہے ہیں ان سے کیا امن آئے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر امپائر بھی ہیں اور اوپنر بلے باز بھی، تھرڈ امپائر ان کی ٹیم کا کپتان ہے وہ پیچھے بیٹھ کر سب چلا رہا ہے، آپ ان کو توسیع دے رہے ہیں، تھرڈ ایمپائر کا کردار یہ ہے کہ پی ٹی آئی کو میچ ہی نہ کھیلنے دیا جائے، ایمپائر تو انصاف کرتے ہیں، یحییٰ خان نے بھی وہی کیا تھا جو آج یہ کر رہے ہیں، یہ ٹولہ الیکشن فراڈ چھپانے کے لیے معاشرے اور جمہوریت کی تباہی کر رہا ہے۔
Views= (258)
Join on Whatsapp 1 2