روزمرہ معمول کے وہ اوقات جن میں وزن چیک نہیں کرنا چاہیے
Sep 23 2024 | ویب ڈیسک
ہم سب کسی نہ کسی وقت اپنا وزن کم کرنے کے لیے سخت محنت کرتے ہیں لیکن جب وزن چیک کرنے کا وقت آتا ہے تو ہمیں بعض اوقات مایوسی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ جس وقت ہم اپنا وزن چیک کرتے ہیں تو اس سے ہمارے وزن پر فرق پڑتا ہے؟ اور اگر ایسے وقت پر وزن کریں گے جو موزوں نہ ہوں تو مایوسی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
این ڈی ٹی وی میں شائع ایک مضمون میں ماہر غذائیات دیپشیکھا جین نے ایسے وقت کی نشاندہی کی ہے جس میں اگر وزن کیا جائے تو بدترین نتیجہ مل سکتا ہے۔
کھانے اور پینے کے بعد وزن کرنا
جب آپ وزن کرنے سے پہلے کھاتے یا پیتے ہیں تو اس سے بڑا فرق پڑتا ہے۔ اگر وزن کرنے سے پہلے اچھا کھا لیتے ہیں یا پی لیتے ہیں تو آپ کا وزن زیادہ ہو گا۔ یہ اس لیے ہوتا ہے کہ آپ کا معدہ اب بھی خوراک کو ہضم کر رہا ہوتا ہے۔ وزن دیکھنے کے لیے یہ یقینی بنائیں کہ آپ یا تو خالی پیٹ ہوں یا ہلکا سا کھانا کھا چکے ہوں۔
خواتین ماہواری کے دوران وزن نہ کریں
ماہر غذائیات کے مطابق ماہواری کے دوران اپنا وزن چیک کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ اس دوران جسم میں ہارمونل تبدیلیاں ہوتی ہیں جو جسم میں پانی کو برقرار رکھنے کا سبب بن سکتی ہے جس سے عارضی طور پر کچھ اضافی کلو وزن بڑھ سکتا ہے۔ لہٰذا ماہواری کا دورانیہ ختم ہونے کے بعد اپنا وزن کریں۔
ورزش کے بعد
کیا آپ کو ورزش کے بعد اپنا وزن کرنے کی عادت ہے؟ لوگ دیکھنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے وزن میں کمی کی ہے یا نہیں لیکن اگر ورزش کے بعد آپ ایسا کرتے ہیں تو نہ کریں۔ یاد رکھیں کہ وزن میں کمی راتوں رات نہیں ہوتی۔ دیپشیکھا وضاحت کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’آپ کے پٹھے ورزش کے بعد معمول پر آنے کے دوران پانی کو برقرار رکھ سکتے ہیں جس سے وزن میں ہلکا سا اضافہ بھی ممکن ہے۔‘
ان کے مطابق ’پہلے اپنے جسم کو معمول پر آنے کا وقت دیں اس کے بعد اپنا وزن کریں۔‘
جاگنے کے فوراً بعد
جاگنے کے فوراً بعد اپنا وزن چیک کرنے سے بھی پرہیز کرنا چاہیے۔ اگرچہ صبح کے وقت اکثر وزن کرنے کی تجویز دی جاتی ہے لیکن اگر رات کے وقت نیند میں خلل واقع ہوئی ہو یا پانی پیا ہو تو ایسا کرنے سے گریز کریں۔ ماہر غذائیات کے مطابق کہ اگر آپ کا جسم پھولا ہو یا پانی کی کمی محسوس ہو تو اپنے وزن کی جانچ نہ کریں۔ جب آپ بہتر محسوس کریں تو اپنا وزن چیک کریں۔
چھٹیوں سے واپسی کے بعد
چھٹیوں سے واپسی کے فوراً بعد اپنا وزن چیک کرنا ایک اچھا آئیڈیا نہیں ہو سکتا۔ چھٹیوں میں ہم ضرورت سے زیادہ کھانے لگتے ہیں جس کے نتیجے میں وزن بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے اپنے آپ کو کچھ وقت دیں۔ اس دوران ڈائیٹ اور فٹنس روٹین پر عمل کریں اور بعد میں وزن چیک کر لیں۔
Views= (361)
Join on Whatsapp 1 2