پشاور میں اغوا کے لیے آنے والے خود اغوا ہوگئے
Sep 4 2024 | ویب ڈیسک
پشاور میں رشتہ داروں اور دوستوں نے شہری کے مبینہ اغوا کی کوشش ناکام بنادی اور اغوا کے لیے آنے والے نا معلوم افراد کو ہی پکڑ لیا۔
ذرائع کے مطابق چند نا معلوم افراد کالے رنگ کی ویگو گاڑی میں خود کو پنجاب سی ٹی ڈی اہلکار ظاہر کرتے ہوئے شہری پیر محمد ٹھیکیدار کو اغوا کرنے ان کے گھر پہنچے تھے اس موقع پر رشتہ داروں اور دیگر لوگوں نے مبینہ اغوا کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور اغوا کے لیے آنے والے ایک شخص کو بھی پکڑ لیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف ردعمل دیا گیا۔ جوکر نامی پیج نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پشاور میں نامعلوم ڈالہ شہری کو اُٹھانے گیا لیکن پٹھانوں نے مل کر نامعلوم کو ہی اُٹھالیا اور ڈالے والے اپنا ایک بندہ چھوڑ کر بھاگ گئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار شخص کا تعلق سی ٹی ڈی فیصل آباد سے ہے جس کی تصدیق ایس ایس پی پشاور نے بھی کی ہے۔ پشاور پولیس کے مطابق پنجاب سی ٹی ڈی نے پیر محمد آفریدی نامی شخص کو اٹھانے کی کوشش کی جبکہ اس چھاپے یا کارروائی کے حوالے سے پشاور پولیس کو آگاہ نہیں کیا گیا جو غیر قانونی ہے۔
پولیس اس شخص کو حراست میں لے کر مزید معلومات اکٹھی کررہی ہے جبکہ پشاور آئی جی کے پی اختر حیات نے ٹاؤن سے شہری کو اغواکرنے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب سی ٹی ڈی اہلکار کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ کسی بھی دوسرے صوبے کی پولیس کو کارروائی سے پہلے بتانا لازمی ہے، ایسی صورت میں مقامی پولیس باقاعدہ مدد کرنے کی بھی پابند ہوتی ہے لیکن مقامی پولیس کو آگاہ کیے بغیر کارروائی غیر قانونی ہوتی ہے۔
پشاور پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے، تاہم پنجاب پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔
Views= (530)
Join on Whatsapp 1 2