انگلی کی چوٹ پر اروشی روٹیلا ہسپتال داخل، ’ایک لاکھ لگژری گلاب‘ کی پوسٹ کا ’مذاق‘
Aug 29 2024 | ویب ڈیسک
انڈین اداکارہ اور سوشل میڈیا سٹار اُروشی روٹیلا انگلی کی انجری کے باعث ہسپتال میں داخل ہو گئی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اروشی نے ’لاکھوں‘ گلاب کے پھولوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔
اروشی کا کہنا تھا کہ یہ پھول ان کے ’ڈائے ہارڈ فینز‘ یعنی مداحوں نے بھیجے ہیں۔
فوٹوز اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے حال ہی میں ہسپتال سے اپنی تصویریں شیئر کیں اور کیپشن میں لکھا کہ ’مداحوں کی جانب سے ایک لاکھ لگژری گلاب کے پھول جو میری جلد صحت یابی کے خواہشمند ہیں، میں آپ سب سے محبت کرتی ہوں۔‘
اس سے قبل اداکارہ نے ہسپتال سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی جس میں وہ آکسیجن ماسک لگائے ہسپتال کے پرائیویٹ کمرے میں زیرِعلاج تھیں اور اپنی انگلی کی چوٹ کو ظاہر کر رہی تھیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا تھا کہ ’میرے لیے دعا کریں۔‘
سوشل میڈیا پر اروشی روٹیلا کی پوسٹس کے بارے میں صارفین مختلف تبصرے کرتے دکھائی دیے۔ ریڈیٹ ویب سائٹ پر ایک صارف نے سوال کیا، آخر اروشی کو ہوا کیا ہے؟ یا صرف وہ عوام کی توجہ حاصل کرنا چاہ رہی ہیں؟
جواب میں ایک صارف نے لکھا میں نے گلاب کے پھول گنے ہیں یہ 1 لاکھ نہیں 420 ہیں۔
ایک اور صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا ’انڈیا کی کم عمر ترین اور عالمی شہرت یافتہ سپر سٹار کو انگلی پر کٹ لگ گیا اور ان کے ’ڈائے ہارڈ فینز‘ ایک ہی دکان سے ان کے لیے 1 لاکھ گلاب کے پھول لینے پہنچ گئے۔
Views= (601)
Join on Whatsapp 1 2