قاضی فائز عیسیٰ کو ایکسٹینشن دی گئی تو ملک بھر میں احتجاج کی کال دوں گا، عمران خان

ایک تیلی لگانے سے سب کچھ تباہ ہوجائے گا

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ اگر آئین میں ترمیم کرکے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو ایکسٹینشن دی گئی تو ملک بھر میں احتجاج کی کال دوں گا، اس سے قبل میں نے کبھی بھی اسٹریٹ موومنٹ کی کال نہیں دی، ایک تیلی لگانے سے سب کچھ تباہ ہوجائے گا۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ملک میں آئین سے کھلواڑ کیا جارہا ہے، پاکستان میں بنگلہ دیش سے برے حالات ہیں۔ بنگلہ دیش میں فوج نے اپنی عوام پر گولی نہیں چلائی، ملک میں اسٹریٹ موومنٹ کے دوران عوام باہر نکلی تو پاکستانی فوج بھی ان پر گولی نہیں چلائے گی، ‏عوام میں لاوا پک چکا ہے۔
عمران خان نے اسٹریٹ موومنٹ کے لیے پارٹی کو تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ حسینہ واجد نے آرمی چیف، چیف جسٹس اور پولیس چیفس اپنے لگائے ہوئے تھے، اور جماعت اسلامی سمیت تمام اپوزیشن کو دیوار سے لگایا، یہ ساری چیزیں پاکستان میں بھی ہوئی ہیں اور ہو رہی ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ الیکشن سے پہلے 9 مئی کے نام پر ہماری پارٹی پر کریک ڈاؤن کیا گیا، ہماری آدھی لیڈرشپ کو پکڑ کے جیل میں ڈالا گیا، آدھی لیڈرشپ روپوش ہوگئی جبکہ دیگر کو ویگو ڈالے کے ذریعے پارٹی چھڑوائی گئی۔
انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن ملے ہوئے تھے اور آرمی چیف نے ان کا ساتھ دیا، لیکن 8 فروری کو ان کا سارا منصوبہ ناکام ہوگیا۔
عمران خان نے کہاکہ 8 فروری کو ظلم کے باوجود ہماری پارٹی جیتی، اس وقت ملک کے 90 فیصد عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، خالدہ ضیا کے ساتھ وہ عوام نہیں جو پی ٹی آئی کے ساتھ پاکستان میں ہے۔
انہوں نے کہاکہ الیکشن میں بڑا فراڈ کیا گیا، اب ان کو خدشہ ہے کہ حلقے کھلیں گے تو ساری چوری کھل کر سامنے آجائے گی، ان کو معلوم ہوگیا ہے کہ اتنے بڑے فراڈ پر پردہ نہیں ڈالا جاسکتا۔

Views= (269)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین