قومی اسمبلی نے آزاد ارکان کو سنی اتحاد کونسل کے ارکان تسلیم کرنے سے انکار کر دیا
Apr 2 2024 | ویب ڈیسک
حکمران اتحاد کی تعداد 226،اپوزیشن کی 102
اسلام آباد: قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پارٹی پوزیشن جاری کر دی جس کے تحت آزاد ارکان کو سنی اتحاد کونسل کے ارکان تسلیم کرنے سے انکار کر دیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اپوزیشن لیڈر کے لیے آج اہم فیصلہ کریں گے اور اسی تناظر میں آزاد ارکان کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان سرکاری دستاویزات میں تسلیم کر لیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے آزاد ارکان کو سنی اتحاد کونسل کے ارکان تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ آزاد ارکان کو پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونا تسلیم نہیں کیا گیا۔
اسی طرح، حکمران اتحاد کی تعداد 226 طے کر دی گئی جبکہ اپوزیشن کی تعداد 102 طے کر دی۔
اپوزیشن اتحاد میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کے لیے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان، مجلس وحدت مسلمین اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ارکان کی تعداد 90بنتی ہے۔
جے یو آئی کے 11 اور بی این پی مینگل کے ایک رکن نے تاحال عمر ایوب کی بطور اپوزیشن لیڈر حمایت نہیں کی جبکہ جے یو آئی اور بی این پی مینگل نے تاحال اپوزیشن لیڈر کے لیے اپنا امیدوار لانے کے لیے بھی درخواست جمع نہیں کرائی۔
قومی اسمبلی میں کل ارکان کی تعداد 336 بنتی ہے جس میں سے 328 حلف اٹھا چکی ہے جبکہ 8ارکان کی نشستیں تاحال خالی ہیں۔
Views= (412)
Join on Whatsapp 1 2