ٹاک شو میں لڑائی: سینیٹر افنان اللہ نے شیر افضل مروت کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا
Sep 30 2023 | ویب ڈیسک
مسلم لیگ کے رہنما اور سینیٹر افنان اللہ خان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔
ہفتے کو سینیٹر افنان اللہ خان کی درخواست پر اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں دفعہ 506 اور 352 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
سینیٹر افنان اللہ خان نے شیر افضل مروت کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دی تھی۔
شیر افضل مروت کے خلاف مقدمے میں جو دفعات لگائی گئی ہیں ان میں سے ایک 506 کسی کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے پر لگتی ہے، جبکہ دفعہ 352 کسی پر حملہ کرنے کے حوالے سے ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل 28 ستمبر کو پاکستان کے نجی نیوز چینل ایکسپریس نیوز کے ایک ٹاک شو میں سینیٹر افنان اللہ خان اور ایڈووکیٹ شیر افضل خان مروت کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو ہاتھا پائی تک جا پہنچی تھی۔
اینکر جاوید چودھری کے پروگرام میں پی ٹی آئی کے افضل خان مروت نے ن لیگ کے افنان اللہ خان کو تھپڑ مارا تھا جس کے جواب میں انہوں نے پی ٹی آئی رہنما کو گھونسے اور لاتیں مارنا شروع کر دیں۔ پروگرام کے اینکر اور ٹیم نے دونوں رہنماؤں کو چھڑایا تھا۔
اگرچہ پروگرام میں ہونے والی اس لڑائی کی کچھ تصاویر کے علاوہ ویڈیو فوری طور پر منظرعام پر نہیں آئی تھی لیکن بعد میں ان دونوں سیاسی رہنماؤں کی ویڈیو سامنے آئی جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل رہی۔
لڑائی کا احوال بتاتے ہوئے جاوید چوہدری نے کہا کہ پہلا تپھڑ شیر افضل نے مارا تو افنان اللہ نے انہیں دھکا دیا اور دونوں زمین پر جاگرے جس کے بعد افنان اللہ نے پی ٹی آئی رہنما کو مکے رسیدے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل صورتحال میں مجھ سمیت پوری ٹیم نے افنان اللہ کو الگ کیا کیونکہ وہ شیر افضل مروت کو مار رہے تھے۔
جاوید چوہدری کا کہنا تھا کہ لڑائی کے بعد جب شیر افضل مروت کو کرسی پر بٹھایا تو وہ کچھ کہہ نہیں پا رہے تھے اور حوش میں آنے کے بعد انہوں نے گالیاں دینا شروع کردیں، ہم نے اس کے باوجود بھی شیر افضل کو عزت کے ساتھ رخصت کیا۔
Views= (952)
Join on Whatsapp 1 2