’میری ماں کو بچا لو‘، سوات میں کم سن بیٹے کے سامنے ماں قتل

خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں شوہر نے فائرنگ کر کے اپنی ناراض بیوی کو بازار میں قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق منگل کو مینگورہ شہر کے قریب بنڑ روڈ پر ایک خاتون پر گولی چلائی گئی جو موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ خاتون کے ہمراہ ان کا پانچ سال کا بیٹا بھی تھا جو معجزاتی طور پر گولی سے بچ گیا۔
ماں کو خون میں لت پت دیکھ کر بچہ روتا رہا۔ عینی شاہدین کے مطابق بیٹا اپنی ماں کو ہسپتال لے جانے کے لیے لوگوں کو چیخ چیخ کر مدد کے لیے بلاتا رہا، قریب کھڑے لوگوں نے زخمی خاتون اور بچے کو ایمبولینس میں ڈال کر ہسپتال بھجوا دیا مگر خاتون زخموں کی تاب نہ لا سکیں اور چل بسیں۔
ایس ایچ او جان عالم نے بتایا کہ ’ملزم خاتون کا شوہر ہے جو گولی چلا کر بھاگ گیا تھا، ملزم گرفتار ہے اور آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔‘ ’خاتون کی شادی سنہ 2014 میں ہوئی تھی مگر سنہ 2019 کے بعد گھریلو ناچاکی کی وجہ بیوی اپنے والدین کے ساتھ رہنے لگی۔ ملزم کے دو بچے ہیں جو اپنی ماں کے ساتھ رہتے تھے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ میاں بیوی کے درمیان تنسیخ نکاح کے معاملے پر کیس بھی زِیرسماعت ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ اپنے بچوں کا خرچہ اٹھانے کے لیے گھروں میں کام کرتی تھی، وقوعہ کے وقت بھی خاتون اپنے بیٹے کے ہمراہ کام پر جارہی تھی کہ شوہر نے راستے میں گولی مار کر اسے ہلاک کر دیا۔
ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

Views= (944)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین